اللہ اور اسلام مل گیا ‘ زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کا موقع ملا:سونی بل ولیمز
لاہور ( سپورٹس ڈیسک) نیوزی لینڈ کے رگبی پلیئر سونی بل ولیمز کو اسلام قبول کیے ہوئے 10 سال ہو چکے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ میں ہمیشہ دعا کرتا ہوں کہ یا اللہ میری رہنمائی فرما، مجھے استقامت عطا فرما، مجھے بہتر انسان بنا اور بہتر شخص بنا۔ اسلام قبول کرنے سے قبل میں گناہ کی دلدل میں پھنسا ہوا تھا۔ میں خود کو بہت کچھ سمجھتا تھا، جو میں نہیں تھا۔ لیکن اس کے باوجود میرے دل میں خلا تھا، اب میں اپنی زندگی سے مطمئن ہوں۔انہوں نے اللہ تعالیٰ کی تعریف بیان کرتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ کا مطلب سب کچھ ہے۔ پانی کا گلاس پینا الحمد اللہ، آپ سے بات کرنے کا موقع ملنا الحمد اللہ، بیوی اور بچوں سے ملنا الحمد اللہ، میرا خالق ہمیشہ میرے ذہن میں رہتا ہے۔ اس سارے سلسلے میں چند سال لگے لیکن انھیں اللہ مل گیا، اسلام مل گیا اور انھیں اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کا موقع ملا۔ مجھے مسلمان ہونے، اس کی صداقت اور سچائی، یہ جن چیزوں کا پرچار کرتا ہے اور جو کچھ یہ دیتا ہے، اس سب پر فخر ہے۔گزشتہ برس ولیمز نے عمرہ ادا کیا تھا جس کو وہ ایک زبردست تجربہ قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ آپ احرام باندھے ہوئے ہوتے ہیں تو کوئی معاشی تفریق نہیں ہوتی، ہر آدمی برابر ہوتا ہے جو شاید سب سے افضل بات ہے۔ میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ مجھے اپنی کمزوریوں کا علم ہے لیکن مجھے ہمت دے، میرے گناہ معاف فرما، میرے عزیزوں اور قریبی لوگوں پر رحمت فرما، انھیں محفوظ رکھ، خاص طور پر بچوں کو، ہمیں اپنے قدموں پر مستحکم رکھ اور ہم جو ہیں اس پر تیرے شکر گزار ہیں۔