پی ایس ایل کا منتظر‘پاکستان میں کھیل کر خوشی ہوتی ہے: لیوک رونکی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)جارحانہ انداز سے کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے سابق ٹاپ آرڈر بیٹسمین اور وکٹ کیپر لیوک رونکی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کھیل کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے اس لیے پی ایس ایل کا منتظر ہوں۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹین لیگ میں ایک نئی فرنچائز قلندرز کے ساتھ منسلک ہونے کا موقع مل رہا ہے۔ قلندرز کی طرف سے کھیل کر بہت مزہ آ رہا ہے، میں امید کر رہا ہوں کہ وقت گزرنے کیساتھ معاملات بھی اسی طرح رہیں گے، اور میں قلندرز کی طرف سے کھیلتے ہوئے پرفارمنس بھی دوں گا اور فن بھی کروں گا۔ ٹی ٹین کرکٹ میں سنسنی خیزی زیادہ ہوتی ہے، اس میں شائقین بڑی دلچسپی لیتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ٹی ٹین میں بھی پرفارمنسز اسی طر ح رہیں اور شائقینِ کرکٹ کی دلچسپی بھی برقرار رہے جبکہ ٹین ٹین لیگ کو مزید متاثر کن بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ وہ اب چونکہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں اس لیے ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ لیگز کھیل کر انجوائے کریں۔ لیگز میں اچھا کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں تاکہ میں انجوائے کر سکوں، مجھے لیگز کھیلنا پسند ہے۔ پاکستان میں کھیلنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے، یہاں کا کراوڈ بہت زبردست اور کھیل کے حوالے سے بہت پر جوش ہے اس لیے بڑے کراوڈ کے سامنے ایکشن میں آنا زبردست تجربہ ہوتا ہے۔ میں پی ایس ایل کھیلنے کے لیے منتظر ہوں کیونکہ پی ایس ایل کو لے کر میں بہت پرجوش ہوتا ہوں، دوسرے ممالک جا کر کھیلنا ہر کسی کا اپنا فیصلہ ہوتا ہے، میں تو پی ایس ایل کھیلنے کیلئے تیار ہوں کیونکہ مجھے پاکستان میں کھیل کر خوشی ہوتی ہے اور لطف اٹھاتا ہوں۔