ہائیکورٹ نے شاہد خاقان کے پروڈکشن آرڈر کیلئے کیس 2رکنی بنچ کو بھجوا دیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کے خلاف کیس مزید سماعت کے لیے دورکنی بینچ کو بھجوا دیا۔ جسٹس علی باقر نجفی نے سماعت کی۔ وکیل نے کہا کہ قانون کے تحت کسی رکن اسمبلی یاحلقے کے عوام کو نمائندگی کے حق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ شاہد خاقان عباسی پر لگائے گئے الزامات ثابت نہیں ہوئے مگر انہیں اسمبلی اجلاسوں سے شرکت سے روک دیا گیا۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ اس نوعیت کا کیس نیب کا دو رکنی بنچ سماعت کرچکا ہے۔ اس کیس کو بھی دو رکنی بنچ کے پاس بھجوا دیا جائے۔ سابق وزیر اعظم کے وکلا رانا مشہود اور اسد اللہ خاں نے واضح کیا کہ پروڈکشن آرڈر کے اجراء کیلئے درخواست کسی مخصوص اجلاس کیلئے نہیں تھی۔ قانونی اعتبار سے سپیکر قومی اسمبلی پروڈکشن آڈر جاری کرنے کا پابند ہے۔ سماعت کے بعد رانا مشہود نے کہا کہ عمران خان نے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ اپنے پاس رکھا ہوا ہے۔ یہ وہ حکومت ہے جو کشمیر کا سودا کرکے آجاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ورلڈ کپ جیتا ہے۔