مسلم لیگ ن سیاسی سرگرمیاں تیز، ملک بھر میں کنونشنز کریگی
لاہور (نیوز رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ)شہبازشریف کی زیرصدارت پارٹی کی سینئر قیادت کے اجلاس میں پارٹی کی تنظیم نو اور بدترین مہنگائی و معاشی بدحالی کے خلاف ملک گیر سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے اورکنونشنز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں محمد نوازشریف کے حق میں عدالتی فیصلے پر اللہ تعالی کا شکر بجا لاتے ہوئے کہا گیا کہ قوم، مخلص کارکنان اور انصاف کے حصول کی جدوجہد میں ساتھ دینے والے تمام افراد وشخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ کارکنوںکی یہ محبت ہماری اصل قوت اور سرمایہ ہے۔ نوازشریف پاکستان کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ اجلاس میں اپوزیشن اور حکومت کی ان اتحادی جماعتوں اور ان کے قائدین کا بھی شکریہ ادا کیاگیا جنہوں نے نوازشریف کے لئے اپنی فکرمندی اور ان کے بیرون ملک علاج کے جائز، قانونی اور انسانی مسئلے کی حمایت میں بیانات دئیے۔ اجلاس نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق، حمزہ شہباز، مفتاح اسماعیل اور کامران مائیکل سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی قربانی اور جرأت کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ عدلیہ سیاسی انتقام کا نشانہ بننے اور قوم کی خدمت کرنے والے ان بہادر سیاسی اسیروں کے معاملے میں بھی عدل و انصاف کے تقاضے پورے کرے گی۔ نوازشریف کو ملک و قوم کے لئے تاریخی قربانیوں اور خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیاگیا اور کہاگیا کہ محمد نوازشریف کی قوم کے لئے خدمات کا مخلصانہ جذبہ آج بھی افتتاح ہوتے مختلف منصوبوں کی صورت عیاں ہے۔ محمد نوازشریف نے بارہ ہزار کلومیٹر موٹرویز وشاہرات تعمیر کرکے پاکستان کی نیشنل سپیڈ بڑھانے میں تاریخی کردارادا کیا ہے۔آج کے حالات پکارپکار کر محمد نوازشریف کی پاکستان کو بہتر بنانے کی جستجو کی گواہی دے رہے ہیں۔ مہنگائی کی شرح 3 پر لانا ان کا غریب دوست اور غریب پرور پالیسیوں کا ناقابل تردید ثبوت ہے جو محض ایک سال میں ایک بار پھر 14 فیصد پر پہنچ چکی ہے۔ قوم مایوسی، نااہلی اور نالائقی کے اندھیروں سے نکلنے کے لئے نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی طرف دیکھ رہی ہے۔ شہبازشریف نے نوازشریف کی صحت کی موجودہ صورتحال اور بیرون ملک علاج کے لئے منتقلی کے انتظامات پر تفصیلات سے پارٹی رہنماوں کو آگاہ کیا۔ شہبازشریف نے جماعتی تنظیم سازی اور مہنگائی اور معاشی بدحالی کے خلاف ملک بھر میں سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کے لئے پارٹی رہنماوں کو ہدایات دیں۔ شہباز شریف نے پارٹی کے مخلص، وفادار، نظریاتی اور محنتی کارکنان کی خصوصی حوصلہ افزائی اور ان کو تنظیم میں نمایاں کردار دینے کے لئے بھی رہنمائی دی۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیاگیا کہ قوم کی توقعات اور امیدوں پر پورا اتریں گے اور انہیں بجلی، گیس، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے سے پیدا ہونے والی صورتحال، بیروزگاری، مہنگائی سمیت دیگر مصائب ومشکلات سے نکالنے کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔ اجلاس کے میڈیا بریفنگ میں احسن اقبال نے کہا کہ ان کی جماعت 2020 میں نئے انتخابات چاہتی ہے کیونکہ قوم کو درپیش سیاسی و معاشی چیلنجز کا یہی واحد حل ہے۔'آئندہ سال صاف و شفاف انتخابات کے لیے قومی سطح پر بحث ہونی چاہیے'۔'الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد ملک میں صاف و شفاف انتخابات کا میکنزم مرتب کرنا چاہیے'۔پارٹی نے حکومت کے خلاف جاری احتجاجی مہم کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔'حکومت پوری طرح سے ناکام ہوچکی ہے'۔رہبر کمیٹی آئندہ کے اجلاس میں مستقبل کے لائحہ عمل پر بحث کرے گی کیونکہ ہر جماعت کا اپنا پلان بی اور پلان سی ہے'۔ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں ممبر سازی کی مہم کا آغاز کریں گے۔جنوبی پنجاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 'مسلم لیگ (ن) کی حکومت قومی اسمبلی میں اس مسئلے پر دوبارہ آواز اٹھائے گی اور ہماری جماعت ہزارہ صوبے کا معاملہ بھی اسمبلی میں اٹھائے گی'۔ 'پنجاب کے تمام محکمے اور انفراسٹرکچر تباہی کا شکار ہوگئے ہیں'۔