• news

شاہدرہ میں بھی جے یو آئی کا احتجاج ، جی ٹی روڈ بند، پلان بی سے متعلق فیصلہ آج کرینگے: فضل الرحمن

لاہور، فیروز والا، اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار، نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے پلان بی کے تحت مسلسل پانچویں روز بھی ملک کے مختلف شہروں کی اہم شاہراہوں پر دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔ بنوں میں جے یو آئی ف کے پلان بی کے تحت لنک روڈ انڈس ہائی وے پر کارکنوں نے آج بھی دھرنا دے رکھا ہے۔ کارکنوں نے لنک روڈ پر انڈس ہائی وے سے مختلف شہروں کو جانے والے راستوں کو رکاوٹیں ڈال کر بند کر دیا ہے۔ مالاکنڈ میں بھی پل چوکی چکدرہ کے مقام پر جے یو آئی کے کارکنوں نے مین جی ٹی روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے سڑک بلاک کر رکھی ہے۔ جیکب آباد میں سندھ بلوچستان بائی پاس زیرو پوائنٹ اور کندھ کوٹ میں سندھ بلوچستان اور پنجاب کو ملانے والی قومی شاہراہ، بائی پاس پر بند ہے۔ سکھر، شکار پور، کندھ کوٹ، کشمور جانے والی گاڑیاں متبادل راستے سے گزاری جا رہی ہیں۔ لاہور میں بھی جے یو آئی ف کے کارکنوں نے امامیہ کالونی کے نزدیک جی ٹی روڈ کی ایک سائیڈ ٹریفک کے لیے بند کر دی۔ روڈ کی ایک سائیڈ بلاک ہونے کے باعث جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ شاہدرہ امامیہ کالونی پھاٹک جی ٹی روڈ پر دھرنا دیا گیا جس کی قیادت جمعیت علماء اسلام (ف)پنجاب کے ناظم عمومی مولانا صفی اللہ نے کی۔دھرنے میں مولانا محب النبی، حافظ غضنفر عزیز اور حافظ نصیر احمد احرار سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، احتجاجی دھرنے میں شریک رہنمائوں اور کارکنوں نے ہاتھوں میں کتبے ،پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر وزیر اعظم عمران خان کے استعفی کے مطالبات درج تھے۔ دوپہر دوبجے شروع ہونیوالا دھرنا نمازعشاء کے بعد ختم ہوگیا۔ دھرنے کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔ جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ روڈ بلاک ہونے کی وجہ سے لاہور سے گوجرانوالہ جانے والی ٹریفک کو متبادل راستوں پرچلایاجارہا ہے ۔جی ٹی روڈ برکت پلی سے ٹریفک کو بدوپلی کی طرف بھجوایا جا رہا ہے۔لاہور سے باہر جانیوالی ٹریفک کو شاہدرہ چوک سے بیگم کوٹ چوک، دوساکو چوک کی طرف بھی بھجوایا گیا جبکہ راوی روڈ سے ٹریفک کو رنگ روڈ براستہ بابو صابو،سگیاں موٹروے بھجوایا گیا۔کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کہا ہے کہ شہریوں کو راستہ ایپ اور ایف ایم 88.6سے متبادل راستوں کی آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔ شہری مزید راہنمائی کیلئے ہیلپ لائن 15پر کال کر سکتے ہیں۔دریں اثناء جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ پلان بی پر عملدرآمد جاری رہے گا، اس پر آج اجلاس میں فیصلہ ہوگا۔ حکومت نے نوازشریف کی صحت کے حوالے سے کافی مشکلات پیدا کیں، نوازشریف کے بیرون ملک علاج پر ان کیلئے دعائیں اور نیک خواہشات ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ نوازشریف جلد از جلد صحت یاب ہو کر پاکستان آئیں۔ عدلیہ نے نوازشریف کی صحت کے بارے میں درست فیصلہ کیا۔ رہبر کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن