• news

پاکستان ہاکی کو کھویا مقام واپس دلانے میں کردارادا کرونگا، خبیب

اسلام آباد (محسن علی، دی نیشن رپورٹ) پاکستان ہاکی کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی خبیب احمد نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی نمائندگی کرنے اور ہاکی میں پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے انتہائی پرعزم ہیں۔ 18سالہ خبیب جنہوں نے حال ہی میں پشاور میں منعقدہ 33ویں نیشنل گیمز میں پنجاب کی نمائندگی کی اور ٹیم کو برائونز میڈل دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ خبیب نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی انہیں قومی ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملے گا۔ اس سے پہلے خبیب ازبکستان کے خلاف پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ کا حصہ رہے اور 65ویں نور خان نیشنل ہاکی چیمپئن شپ میں بھی پنجاب کی نمائندگی کی۔ خبیب نے پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر) سجاد خالد کھوکھر کا شکریہ ادا کیا کہ وہ جونیئر کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع فراہم کررہے ہیں۔ خبیب نے شہباز سینئر کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے بھرپور تعاون اور رہنمائی نے ان کی ہمیشہ مدد کی۔ خبیب جو بنیادی طور پر سنٹر فارورڈ ہیں لیکن ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی بھی پوزیشن پر عمدہ کھیل پیش کرنے کے اہل ہیں۔ حالیہ قومی کھیلوں کے مقابلے میں انہوں نے سنٹر ہاف، لیفٹ ہاف، رائٹ ہاف اور فارورڈ کے طور پر کھیل پیش کیا اور سیمی فائلن میں آرمی کے خلاف اورتیسری پوزیشن کے میچ میں خیبرپختونخواہ کے خلاف گول بھی داغے۔ خبیب نے پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کرنل (ر)آصف نواز کھوکھر کو خراج تحسین پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن