قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون:سنٹرل پنجاب کیخلاف سندھ کی پوزیشن مستحکم
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آٹھویں راؤنڈ کا پہلا روز مکمل ہونے پربلوچستان کے سپنر محمد اصغر نے 5 شکار کیے۔ ناردرن کے عمر امین اور علی سرفراز کی نصف سنچریاں‘سنٹرل پنجاب کے خلاف میچ میں سندھ کی پوزیشن مستحکم۔ تفصیلات کے مطابق یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنالیے ہیں۔ اشفاق احمد 54 اور اسرار اللہ 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ذوہیب خان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی۔ وہ 76 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔ کریز کے دوسرے اینڈ پر موجود عثمان شنواری 58 گیندوں پر 20 رنز بناکر ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں ۔دوسری جانب کے آر ایل سٹیڈیم راولپنڈی میں ناردرن نے سدرن پنجاب کے خلاف پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنا لیے ہیں۔ ادھرنیشنل سٹیڈیم کراچی میں سنٹرل پنجاب نے سندھ کے خلاف پہلی اننگز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنا لیے ہیں۔ احمد شہزاد 48 اور محمد سعد 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عمر اکمل کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد کامران اکمل اور عثمان صلاح الدین نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 92 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ کامران اکمل 59 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عثمان صلاح الدین 50 رنزبناکر کریز پر موجود ہیں۔ وہ احسان عادل کے ہمراہ کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔ سندھ کی جانب سے تابش خان نے 3 اور انور علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔