• news

برطانوی وزیراعظم کے ایک اور معاشقے کی تفتیش

لندن (نیٹ نیوز) اپنے معاشقوں اور ماضی کے متنازعہ بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن پر رواں برس ستمبر میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ان کے خلاف ایک پول ڈانسر کو نوازنے کے الزامات کی تفتیش شروع کردی گئی۔ بورس جانسن پر الزام تھا کہ انہوں نے 2014 سے 2016 کے درمیان امریکہ کی کاروباری خاتون و سابق ماڈل 35 سالہ جینیفرآرکری کو متعدد طریقوں سے نوازا۔ الزامات کے مطابق بورس جانسن نے امریکی کاروباری خاتون و سابق پول ڈانسر ماڈل کو اس وقت نوازا تھا جب وہ لندن کے میئر تھے۔ رپورٹس تھیں کہ بورس جانسن اور جینیفرآرکری کے درمیان انتہائی قریبی روابط تھے اور وہ 2014 سے 2016 کے درمیان متعدد مرتبہ لندن کا دورہ کر چکی ہیں جب کہ میئر لندن نے ان کی کاروباری کمپنیوں کو بھی فائدہ پہنچایا۔ بورس جانسن پر یہ الزام بھی تھا کہ انہوں نے جینیفر آرکری کے لیے فنڈنگ کرنے سمیت ان کی کمپنیوں کو ایسے سیمینارز میں شرکت کرنے کی اجازت دلوائی جن کے لیے ان کی کمپنی کو نااہل قرار دیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں خاتون جینیفر آرکری نے کم سے کم اپنے تین دوستوں کو بتایا تھا کہ ان کے میئر لندن سے انتہائی قریبی تعلقات ہیں۔ یہ رپورٹس سامنے آنے کے بعد برطانوی وزیر اعظم نے دو دن بعد ہی ستمبر کے آخر میں ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دے دیا تھا۔ بورس جانسن پر الزامات سامنے آنے کے بعد گریٹر لندن اتھارٹی (جی ایل اے) نے پولیس کو بورس جانسن کے خلاف ماڈل و سابق پول ڈانسر کو معاملے کی تفتیش کا حکم دے دیا تھا۔ اور دو دن قبل ہی امریکی خاتون جینیفر آرکری نے بورس جانسن کی جانب سے تعلقات کی خبروں کو جھوٹا قرار دیئے جانے پر افسوس کا اظہار بھی کیا تھا۔ تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ بورس جانسن کے خلاف اسی طرح کے ایک اور معاشقے کی تفتیش شروع کردی گئی۔ برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کے مطابق بورس جانسن کے خلاف ایک اور معاشقے کی تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بورس جانسن کے خلاف میئر لندن کے دور کے ایک اور جنسی سکینڈل کی تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن