شیخوپورہ: گھریلو ملازمہ کو ساتھی ملازمین نے مبینہ طور پر زہر دیکر مار ڈالا
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) تھانہ ماڈل سٹی اے ڈویژن کے علاقہ نشاط ٹاؤن میں گھریلو ملازمہ کو ساتھی ملازمین نے مبینہ طور پر زہر دے کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقتولہ کے بھائی کی تحریری درخواست پر2 نامزد اور2 نامعلوم ملزمان کیخلاف پولیس نے قتل کامقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمہ مدعی عبدالرحمان کے تحریری بیان کے مطابق اسکی 16سالہ بہن زینب نشاط ٹاون کی رہائشی بشری بی بی کے گھر بطورگھریلو ملازمہ 60 ہزار روپے ایڈوانس پرکام کررہی تھی اور دوران کام زینب نے گھر میں آکر بتایا کہ میں نے کام چھوڑ دینا ہے مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ گزشتہ رات میری بہن نے والدہ کو فون پراطلاع دی کہ مجھ کو آ کر لیجائیں۔ میں اور میری والدہ زینب کو لینے کیلئے آئے تو دیکھا اس کے منہ سے جھاگ نکل رہی تھی اور مردہ حالت میں پائی گئی جس کو ڈرائیور علی اور عمران نے اپنے2 نامعلوم ساتھیوں کی مدد سے زہر دے کر قتل کردیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد 4 ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔