نوازشریف کیس کی سماعت لاہور تو زرداری کی کراچی میں کی جائے: اعتزاز احسن
لاہور (وقائع نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما وسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ اگر نواز شریف کا کیس لاہو میں سنا گیا ہے تو آصف علی زرداری کا کیس کراچی میں سنا جائے۔ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پرلاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ درست ہے۔ تاہم صرف ایک لیڈر کو ریلیف دینے سے صوبائیت کا تاثر ابھرے گا۔ میں سیاسی طور پر نواز شریف کا بہت بڑا مخالف مخالف ہوں لیکن سوشل میڈیا پر جعلی اکائونٹس کے ذریعے جو بیانات جاری کئے جارہے ہیں ان سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ میاں نواز شریف کے بیٹے، سمدھی اور بھتیجا بھی مفرور ہے۔ اب میاں صاحب خود بھی جا رہے ہیں اور مریم کو اکیلے چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ ہائیکورٹ نے تکنیکی بنیادوں پر درست فیصلہ کیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے ضمانت لی ہے اور ملزم ملک کے جس بھی حصے میں ہو اسے متعلقہ تاریخ پر عدالت پہنچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے درخواست دی ہے کہ ان کا کیس کراچی میں سنا جائے۔ سندھ سے فون آرہے ہیں کہ نواز شریف پنجابی ہیں تو انہیں باہر بھیج رہے ہیں اگر سندھی ہوتے تو نہ بھیجتے۔ میں سخت باتیں کرتا ہوں لیکن سوشل میڈیا پر ان جعلی پیغامات میں جو باتیں کی جارہی ہیں وہ میری نہیں کیونکہ میرا لہجہ پارلیمانی ہے۔