• news

حکومت اپوزیشن شفاف الیکشن کیلئے مکالمے کا موقع نہ جانے دیں: سراج الحق

لاہور/باجوڑ (اے این این) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن نے شفاف الیکشن آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی خود مختاری پر مکالمہ شروع نہ کیا تو وقت ہاتھ سے نکل جائے گا۔ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کی غلط پالیسوں کو آگے بڑھا رہی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن میں شامل پانامہ کے ملزمان کا احتساب اس لیے نہیں ہورہا کہ وہ بااثر لو گ ہیں۔ نیب کو سیاست کی بجائے احتساب کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باجوڑ میں قبائلی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ ہارون الرشید و دیگر بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک کی سیاست نظام کی بجائے شخصیات کے گرد گھومتی ہے۔ بااثر سیاسی شخصیات خود کو آئین و قانون سے بالاتر سمجھتی ہیں اس لیے بڑے بڑے مگر مچھ احتساب کے شکنجے میں نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے قربانیاں ہمیشہ غریبوں نے دی ہیں اور امیروں نے ان کا پھل کھایا ہے۔عوام دینے والے اور حکمران ہڑپ کرنے والے ہیں۔ اس فرسودہ سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کرنے اور اس کی جڑیں کاٹنے کے لیے نوجوانوں کو آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن