• news

سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی اجلاس،31.6 ارب کے 8 منصوبے منظور

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت پیر کو سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 31.6 ارب روپے لاگت کے 8 منصوبے منظور ، جبکہ 195.1 ارب روپے کی لاگت کے 5 منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیے گئے۔اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن ، وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں علاقائے کی ترقی ، تعلیم، توانائی ، گورننس ، صحت ، صنعت و تجارت ، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاوسنگ اور خوراک و زراعت سے متعلق منصوبے پیش کیے گئے۔سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں جنوبی پنجاب میں غربت کے خاتمے کے لیے 15524.58 ملین روپے کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س نے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا۔ اجلاس میں بنییادی تعلیم کے حصول کے لیے کمیونٹی اسکولوں کے قیام کے لیے 5194.558 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س میں منظور کر لیا گیا۔ تعلیم سے متعلق اجلا س میں دوسرا منصوبہ ایم ڈی جی ایس پر خصوصی توجہ کے ساتھ پاکستان میں انسانی ترقی کے اشاریہ میں بہتری تعلیم اور چھ ایفا اہداف کے حصول سے متعلق 3306.024 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو سی ڈی ڈبلیو پی نے منظور کر لیا۔ اجلاس میں توانائی سے متعلق چار منصوبے پیش کیے گئے جس میں پہلا منصوبہ 500 کے وی چکوال سب سٹیشن کے لیے 8956.39 ملین روپے کی لاگت ، دوسرا منصوبہ گلگت بلتستان میں پن بجلی اور قابل تجدید توانائی-II کے لیے 2260.194 ملین روپے کی لاگت کا پیش کیا گیا جس کواجلا س میں منظور کر لیا گیا ، جبکہ توانائی کے مزید دو منصوبے تربیلا چوتھا توسیع پن بجلی پروجکٹ کل لاگت 122977 ملین روپے اور جھمپیر اور گھارو میں ونڈ پاور منصوبے کے لئے بجلی کے انخلا کے لیے 13405.87 ملین روپے کی لاگت کے پیش کیے گئے ، اجلا س نے دونوں منصوبوں کو حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیے۔سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں گورننس سے متعلق دو منصوبے پیش کیے گئے جس میں پہلا منصوبہ پنجاب شہروں کے پروگرام کے لیے 32530.24 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ جبکہ دوسرا منصوبہ پاکستان سنگل ونڈو منصوبے کے لیے 10640.617 ملین روپے کی لاگت کا پیش کیا گیا ، دونوں منصوبوں کو حتمی منظوری کے لیے انھیں ایکنک کو بھجوا یا گیا۔ سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلا س میں افغانستان میں تین اسپتالوں کے لئے طبی سامان کی خریداری ، تنصیب اور کمیشننگ کے لیے 2355.537 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کواجلاس میں منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں صنعتی ٹیکنالوجی کے حصول کے لئے قومی اسٹریٹجک پروگرام کے لیے 2914.12 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س میں منظور کر لیا گیا۔ سی ڈی ڈبلیو پی میں دریائے کورنگ ، راول جھیل اور آئی سی ٹی کے علاقے میں گندے پانی کے گرنے کے علاج کے لئے تین سیوریج ٹریمٹمنٹ پلانٹس اور متعلقہ سیوریج سسٹم کی تعمیرکے لیے 3971.35 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس مین منظور کر لیا گیا۔ پلسز کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کے لئے تحقیق کو فروغ دینے کے لیے 2599.590 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن