• news

تربت آنیوالے فرنٹیئر کور کا نوائے پر دہشتگردوں کا حملہ ، 2جوان شہید، 4زخمی

تونسہ شریف‘کوئٹہ(نامہ نگار ‘بیورورپورٹ) بلوچستان کے ضلع کیچ کے قریب دہشت گردوں کے فرنٹیئر کور کے کانوائے پر حملہ میں وہوا کے رہائشی اہلکار سمیت دو نوجوان شہید، چار زخمی ہو گئے۔ وہوا کے رہائشی محمد سلیم لاشاری بطور ڈرائیور نو ماہ قبل ہی ایف سی میں بھرتی ہوا تھا اور ٹریننگ مکمل کرکے تین ماہ قبل ہی اپنے گھر سے دوبارہ جاب پر گیا تھا، شہید دو معصوم بچوں کا باپ تھا۔ وہوا کے نواحی قصبہ مسلم آباد کا رہائشی محمد سلیم لاشاری ولد محمد اعظم لاشاری جو کہ فرنٹیئر کور بلوچستان کے سکائوٹس 113ونگ میں بطور ڈرائیور سپاہی اپنے فرائض سرانجام دے رہا تھا۔گذشتہ شب دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ایک کانوائے کی صورت میں جارہے تھے کہ راستہ میں کیچ کے قریب مسلح دہشت گردوں نے حملہ کردیا اور اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں محمد سلیم لاشاری اپنے ایک ساتھی سمیت موقع پر ہی شہید ہوگیا جبکہ اس کے دیگر چار ساتھی زخمی ہوگئے۔ ایف سی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں دہشت گرد فرار ہوگئے۔ شہید کا جسد خاکی تربت منتقل کردیا گیا، جہاں سے بذریعہ ہیلی کاپٹر کراچی اور پھر آبائی قصبہ بھیجا جائے گا جہاں تدفین کی جائے گی۔ شہید کے بھائی محمد آصف لاشاری نے بتایا کہ شہید نو ماہ قبل ہی ایف سی میں بھرتی ہوا تھا اور چھ ماہ کی ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد تین ماہ قبل ہی گھر سے دوبارہ اپنی ڈیوٹی پر گیا تھا۔ شہید دو معصوم بیٹوں چار سالہ مصور اور دو سالہ تصور کا باپ تھا جبکہ چھ بھائیوں اور چار بہنوں میں اس کا تیسرا نمبر تھا۔

ای پیپر-دی نیشن