احتساب عدالت، سراج درانی کی اہلیہ، بیٹیوں، بیٹوں کو اشتہاری قرار دینے کی ہدایت
کراچی(آن لائن) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں آغا سراج درانی کی اہلیہ، بیٹیوں اور بیٹوں سمیت دیگر مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کیس کی سماعت ہوئی، جہاں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے آغا سراج درانی کی اہلیہ بیٹیاں اور بیٹوں سمیت دیگر مفرور ملزمان کو ریفرنس سے الگ کرتے ہوئے نیب کو مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی ہدایت کی اور کیس کی سماعت تین دسمبر تک ملتوی کردی، آئندہ سماعت پر سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی ویگر پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری ایک طاقتور انسان ہیں، انہوں نے بہت مشکلات دیکھی ہیں، وہ نواز شریف کی طرح نہیں ہیں۔ نیب کے ساتھ پلی بارگیننگ کے سوال پر اسپیکر سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ میں پلی بارگیننگ کیوں کروں گا اور کس لئے کروں گا۔