وزارت قانون بچوں سے متعلق قوانین کا جائزہ لے: سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد(آئی این پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کے ساتھ بچوں کے حقوق کے تحفظ کا وعدہ کر رکھا ہے،پاکستان میں بچوں کے تحفظ کے 29 قوانین موجود ہیں،تمام متعلقہ وزارتیں قوانین کا جائزہ لے کر قانون سازی تجویز کریں،پاکستان کا نام بچوں کے حقوق میں بلند ترین ہونا چاہیے۔منگل کو بچوں کے حقوق کے بارے میں کیے گئے وعدوں کی تجدید کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کے ساتھ بچوں کے حقوق کے تحفظ کا وعدہ کر رکھا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے ریاست مدینہ کی بات کی ہے۔ریاست مدنیہ میں سب سے پہلے بچوں کی زندگی کو تحفظ دیا گیا۔انھوں نے کہاکہ قرآن مجید میں بچیوں کو قتل کرنے اور زندہ درگور کرنے کی مذمت کی گئی،بحیثیت مسلم ملک بچوں کے حقوق کے تحفظ میں ہمارا نام سرفہرست ہونا چاہیے۔ تمام قوانین موجود ہیں ان پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ وزرات قانون بچوں کے بارے میں موجودہ قوانین کا جائزہ لے۔ میری تجویز ہے کہ بچوں کے حوالے سے تمام قوانین اور رولز کو یکجا کیا جائے،بچوں کے تحفظ سے متعلق مزید قوانین کی ضرورت ہو تو ان پر قانون سازی کی جائے۔انھوں نے کہاکہ پارلیمنٹ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے بارے میں انتہائی حساس ہے،بچے ہمارا مستقبل اور وارث ہیں۔