امریکہ طالبان مذاکرات جلد بحال ہو جائیں گے: شاہ محمود
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی اْصولی جدوجہد میں، ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھیں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق صدر پی ایف یو جے افضل بٹ کی قیادت میں سینئر صحافیوں کے وفد نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ میڈیا بلا شبہ ریاست کا اہم ستون ہے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کو اجاگر کرنے میں بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ ساتھ، پاکستانی میڈیا کا کردار مثالی رہا ۔ وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ طالبان مذاکراتی عمل جلد بحال ہو جائیگا طالبان نے امریکہ کے دو مغوی باشندوں جبکہ امریکہ نے حقانی گروپ کے افراد کو رہا کیا ہے دونوں فریقین نے افغان امن عمل میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اہم اقدام کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہترین قونصلر سہولیات فراہم کیلئے تمام پاکستانی سفارتخانوں کو کیو مینجمنٹ سسٹم کے قیام کے احکامات جاری کردئیے ہیں دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ کیو مینجمنٹ سسٹم کے قیام سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہترین قونصلر سروسز میسر آئیں گی۔ دریں اثناء تحریک انصاف آفس آف انٹرنیشلن چیپٹرز کے سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی وزیر خارجہ نے عبداللہ ایاز کو تحریک انصاف انٹرنیشنل چیپٹرز کے پلیٹ فارم سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے موثر کاوشیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی مزید برآں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن سلطان النہیان کے بھائی اور ان کے نمائندے شیخ سلطان زید بن سلطان النہیان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔