• news

اسد عمر نے حلف اٹھا لیا،49رکنی وفاقی کابینہ کی تازہ فہرست جاری

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) کابینہ ڈویژن نے وفاقی کابینہ میں توسیع اور قلمدان تبدیلی کے بعد 49 رکنی کابینہ کی تازہ ترین فہرست جار کر دی ہے ۔کابینہ ڈویژن سے جاری فہرست کے مطابق اسد عمر بطور وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات، صاحبزادہ محمد محبوب سلطان کا قلمدان تبدیل کر کے انہیں وزیر برائے سیفران جبکہ مخدوم خسرو بختیار کو نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے گذشتہ روز ایوان صدر میں حلف لے لیا۔ جبکہ قلمدان کی تبدیلی کے بعد وزراء نے اپنی اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال کر کام شروع کر دیا ہے۔ وفاقی کابینہ 25 وفاقی وزراء ،4 وزرائے مملکت ، 5 مشیروں اور 15 معاونین خصوصی پر مشتمل ہے ۔اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاق کے ترقیاتی منصوبوں شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے ، گوادر اور کم ترقی یافتہ علاقوں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ وزارت کو نئے اقدامات پر توجہ دینی ہوگی اور کام کے معیار کو مثالی بنانا ہوگا جبکہ یہ یقینی بنانا ہوگا کہ عوام کے پیسے کی بچت کی جاسکے۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہاسد عمر کی وفاقی کابینہ میں شمولیت سے حکومت آگے بڑھنے میں مدد ملے گی اسدعمر وزیراعظم عمران خان کے دیرینہ ساتھی ہیں ، وزیراعظم ان کو کابینہ میں دیکھنا چاہتے تھے ان کی پارٹی کیلئے خدمات ہیں، اسد عمر گڈ گورننس کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے رہے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے اسدعمرکی حکومتی امورمیں ہمیشہ مشاورت رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن