• news

پاکستان کے پیچھے رہنے کی وجہ کرپشن اور سابق حکمرانوں کی نااہلی : عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر صنعت حاجی محمد خان اتمن خیل کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عمومی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لورا لائی کے دورے کی دعوت قبول کر لی- وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے دل بلوچستان کے لوگوں کیساتھ دھڑکتے ہیں، اہل پنجاب اور بلوچستان یکجان اور دوقالب ہیں-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بلوچستان کے وفد کو پنجاب میں فلاح عامہ کے منصوبوں اورترقیاتی پروگرام سے آگاہ کیا- وزیراعلیٰ نے کہاکہ ڈیرہ غازی خان میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے بلوچستان کے عوام بھی مستفید ہوں گے -کوہ سلیمان کے سرحدی علاقے میں بلوچستان کے مریضوں کی ڈیرہ غازی خان منتقلی کیلئے 1122سروس کا نظام وضع کریں گے- انہوں نے کہاکہ تونسہ تا لورا لائی دو رویہ سڑک کی تعمیر معاشی ترقی کے نئے راستے کھولے گی- انہوں نے کہاکہ پنجاب کے ساتھ دیگر صوبوں کو بھی ترقی کے سفر میں ساتھ لیکر چلیں گے-ہماری توجہ پسماندہ ترین علاقوں کی محرومیاں دور کرنے پر ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ آفس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا-وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق ادوار میں صوبے کے عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے نام پر دھوکہ دیا گیا۔صوبے کے عوام کے بنیادی مسائل کو نظر انداز کیا گیا-پاکستان کے پیچھے رہنے کی وجہ کرپشن اور سابق حکمرانوں کی نااہلیاں ہیں۔ لوٹ مار کی سیاست کا دور گزر چکا ہے - سابق دور میں ملک کوقرضوں کے چنگل میںجکڑنے والے کس منہ سے رہنمائی کادعویٰ کرسکتے ہیں۔ اب شفاف قیادت اور شفاف حکومت ہے - خراب معاشی صورتحال ورثے میں ملی جس کی ذمہ دار سابق حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت مضبوط بنانے کیلئے موجودہ حکومت مؤثراقدامات کر رہی ہے اور ماضی میں جو کانٹے بوئے گئے انہیں ایک ایک کر کے صاف کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی پنجاب کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔کسی کو عوامی خدمت کے سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائے گی۔ کمزور طبقوں کے معیار زندگی کو بلند کریں گے -وزیراعظم عمران خان کا ’’کرپشن فری پاکستان‘‘ قوم کے دل کی آواز بن چکا ہے۔نئے پاکستان میں کرپشن کی گنجائش ہے نہ کرپٹ عناصر کی۔ سمت درست اور نیت نیک ہے۔ عثمان بزدارنے سید عماد علی کو جونیئر ورلڈ سکریبل چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباددی ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوٹ مبارک میں پولیس مقابلے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرانے کا اعلان کیا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن