پی این ڈی کی نجکاری کیخلاف مال روڈ پر خود سوزی کرنیوالا چل بسا
لاہور(نامہ نگار) مال روڈ فیصل چوک پر محکمہ پی این ڈی کے ملازمین کے احتجاج کے دوران پٹرول چھڑک کر خودسوزی کرنے والا اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ مال روڈ فیصل چوک میں چند روز قبل محکمہ پی این ڈی کی نجکاری کے خلاف ملازمین کے احتجاجی مظاہرے میں ایک اہلکار بستی سیدن شاہ کے رہائشی 35 سالہ سنی مسیح نے خود پر پٹرول چھڑ کر آگ لگا لی تھی‘ جس پر وہاں موجود دیگر ملازمین نے آگ پر قابو پایا اور سنی مسیح کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ گزشتہ روز سنی مسیح زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی۔ بعدازاں ورثاء کی جانب سے پوسٹ مارٹم سے انکار پر پولیس نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش ان کے حوالے کر دی ہے۔