قوم نے فضل الرحمن کے سارے پلان چوپٹ کردیئے خالی ہاتھ آئے اور واپس چلے گئے: فردوس عاشق
اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے انڈیمنٹی بانڈ کی شرط مسترد نہیں معطل کی ہے۔اپنے ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا امید ہے نواز شریف عدالتی فیصلے کی پاسداری کرتے ہوئے وطن واپس آئیں گے۔ نوازشریف اورشہبازشریف نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ واپس آئیں گے۔ وزیراعظم عمران خان آئین کی حکمرانی اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ ایک ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا روڈ بلاک پلان بھی عوام نے مسترد کر دیا۔ قوم نے مولانا فضل الرحمن کے سارے پلان چوپٹ کر دیئے جس پر مولانا کو پلان ’’ایگزٹ‘‘ کا سہارا لینا پڑا۔ مولانا جمہوریت کے راستے میں انا کی رکاوٹیں کھڑی کرکے اپنا سیاسی مستقبل خراب نہ کریں۔ حلقے میں جائیں‘ سیاطی طورپر ہلکے نہ ہوں۔ مولانا لشکرکشی اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں میں ناکامی کے بعد اپنی خفت مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آپ جس طرح خالی ہاتھ اسلام آباد آ ئے تھے‘ خالی ہاتھ واپس لوٹ گئے۔ فردوس عاشق کا کہنا تھا مولانا کی سیاسی جڑیں عوام نے کاٹیں‘ لیکن آپ جمہوریت سے بدلہ لینے پر تل گئے۔ قوم نے دیکھ لیا کہ کون اسلام آباد سے چلتا بنا۔ عوام نے آ پ کو مسترد کرکے ثابت کیا کہ وہ انتہاپسندی کے ساتھ نہیں۔ ہم نے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوری طرزعمل اختیار کیا۔ آپ کے احتجاج کے حق کو تسلیم کیا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا عمران خان کے دھرنے کے خلاف آپ کی نفرت انگیزی اور دھمکیاں تاریخ کا حصہ ہیں۔ یہ وہی پارلیمان ہے جس میں آپ کے فرزند آپ کی کرسی پر بیٹھے ہیں۔ ان کی تنخواہ اور مراعات حلال اور جائز ہیں؟