اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا الیکشن کمشن کے باہر احتجاج ، غیرملکی فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت کا مطالبہ
اسلام آباد (وقائع نگار‘وقائع نگارخصوصی‘نوائے وقت نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے غیرملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمشن کے 10 اکتوبر کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کی اپیل پر سماعت دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ کیس کی درخواست پر سماعت کی۔ ایسوسی ایٹ وکیل شاہ خاور نے عدالت سے استدعا کی سینئر وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، کیس تھوڑی دیر ملتوی کیا جائے۔ جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے اگر وہ گیارہ بجے کے بعد آئیں گے تو تب تک انتظار نہیں کیا جا سکتا۔ جونیئر وکیل نے عدالت سے کہا آئندہ کی کوئی مختصر تاریخ دے دیں جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے الیکشن کمشن کے باہر احتجاج کیا اور پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے ممبر اکرم درانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج الیکشن کمشن کے سامنے احتجاج کا فیصلہ کیا تھا۔ غیرملکی فنڈنگ کیس 5 سال سے چل رہا ہے۔ رہبر کمیٹی کے ارکان چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کیلئے آئے ہیں۔ ریاست مدینہ کا نام لینے والے احتساب سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟۔ اکرم درانی کا کہنا تھا کیس میں تاخیر ملک کیلئے نقصان دہ ہے۔ غیرملکی فنڈنگ سے متعلق کیس جلد نمٹایا جائے۔ تمام سیاسی جماعتوں کا مطالبہ ہے کیس کی روزانہ سماعت ہو۔ چیف الیکشن کمشنر کو تحریری یادداشت بھی پیش کریں گے۔ نیئر بخاری نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال سے غیرملکی فنڈنگ کیس زیرالتوا ہے۔ پی ٹی آئی بنانے میں جن کا کردار تھا یہ کیس انہوں نے دائر کیا۔ اگر آپ چور نہیں تو پھر تلاشی دینے میں کیا حرج ہے؟ لوگوں کی تلاشی کا مطالبہ کرتے ہیں جب اپنی تلاشی کی بات آئے تو بھاگتے کرتے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا پاکستانی سیاست میں کرپشن کا میگا سکینڈل کسی سیاسی جماعت کی طرف سے سامنے نہیں آیا۔ جتنا پی ٹی آئی کا سکینڈل سامنے آیا۔ گزشتہ کچھ سالوں سے عمران خان خود کو مسٹر کلین کہہ رہے تھے۔ بیرون ملک سے آنے والا پیسہ عمران خان نیازی اور ساتھیوں کے ذاتی اکائونٹس میں آتا تھا۔ لیگی رہنما نے کہا آئندہ ماہ چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ ہونے والے ہیں جن کے غیرحاضر ہونے سے کمشن غیر موثر ہو جائے گا۔ پی ٹی آئی الیکشن کمشن میں غیرملکی فنڈنگ کے کیس سے بچنا چاہتی ہے۔