جعلی اکائونٹس کیس، نیب نے چیئرمین اوورسیز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کو گرفتار کر لیا
اسلام آباد (نا مہ نگار) نیب راولپنڈی نے جعلی بینک اکائونٹ کیس میں چیئرمین اوورسیز کو آپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی محمد اعجاز ہارون کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم نے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اوورسیز کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی(کڈنی ہلز) لمیٹڈ میں وکلااور دیگر کو پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی اور جعلی اکاؤنٹ سے اس کی ادائیگیاں کی گئیں۔ ملزم نے چیئرمین و سیکرٹری اوورسیز کو آپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کی حیثیت سے سہولت کار الاٹیوں کے نام پر 12جعلی پلاٹس کی فائلز تیار کیں۔ مذکورہ ملزم نے 12پلاٹوں کی جعلی فائلوں کے لئے اومنی گروپ کی غیر واضح رقم کی منی لانڈرنگ کی اور غیر قانونی طریقے پر میسر لکی انٹرنیشنل اور میسرز اے ون انٹرنیشنل کے نام پر دو جعلی بینک اکاؤنٹس سے تقریبا 144 ملین روپے وصول کئے۔