پی ٹی آئی فنڈنگ کیس، اپوزیشن کی درخواست منظور ، الیکشن کمشن 26نومبر سے روزانہ سماعت کریگا
اسلام آباد (نامہ نگار) الیکشن کمشن نے پارٹی فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی اپوزیشن کی درخواست منظور کرلی ہے۔ جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر کی عدم موجودگی میں الیکشن کمشن کے 2ارکان نے تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی اور ممنوعہ پارٹی فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر درخواست کی سماعت کی۔ اپوزیشن جماعتوں کی درخواست چیف الیکشن کمشنر اورارکان کو بھجوا دی گئی ہے جب کہ 26نومبر سے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کی کارروائی روزانہ کی بنیاد پر چلے گی، الیکشن کمشن کی سکروٹنی کمیٹی 26 نومبر سے روزانہ کی بنیاد پر تحقیقات کریگی،سکروٹنی کمیٹی نے الیکشن کمشن کی ہدایت پر فیصلہ کیاہے۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے منحرف بانی رکن اکبر ایس بابر نے 2014میں مذکورہ کیس دائر کیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ غیر قانونی غیر ملکی فنڈز میں تقریبا 30لاکھ ڈالر 2آف شور کمپنیوں کے ذریعے اکٹھے کیے گئے اور یہ رقم غیر قانونی طریقے 'ہنڈی' کے ذریعے مشرق وسطی سے پی ٹی آئی ملازمین کے اکانٹس میں بھیجی گئی۔