2گھنٹے ملاقات، عوام کیلئے ملکر کام کرتے رہیں گے: عثمان بزدار، پرویز الٰہی
لاہور(نیوز رپورٹر/ نامہ نگار) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے ملاقات کی -2گھنٹے طویل ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی کی کارروائی بطریق احسن چلانے پر سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور سپیکر پنجاب اسمبلی نے ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے ملکر کام کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے- وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری ورکنگ ریلیشن ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہوگی۔پنجاب کی ترقی کے سفر میں اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلیںگے۔ ملکر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے- غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازشیں کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ایک دوسرے کے تجربے سے فائدہ اٹھا کر عوام کی خدمت اور فلاح وبہبود کا مشن پورا کریںگے۔ عوام کی فلاح و بہبود کے وہ کام کر رہے ہیں جو سابق حکمران برسوں میں نہ کر پائے۔ عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا دور گز رچکا ہے۔ پاکستان تبدیلی کی راہ پر چل پڑا ہے- نیا بلدیاتی نظام عوامی خدمت کو نئی جہت دے گا- پرویز الٰہی نے کہا کہ عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے تھے ،کھڑے ہیں اورکھڑے رہیںگے۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، تحریک انصاف کے اتحادی ہیں۔ ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی خواہش دلوں میں ہی رہ جائے گی۔ سابق حکومت نے میرے دور کے فلاح عامہ کے منصوبوں کو بند کر کے پنجاب کے عوام کانقصان کیا ۔ہر مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے میں ہی دانشمندی ہوتی ہے ۔ اب صوبے میں ذاتی پسند و ناپسند نہیں بلکہ میرٹ اور گورننس کی حکمرانی ہے۔ عثمان بزدارکی ہدایت پرپنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے صوبے کے مختلف شہروں میں 32 ماڈل بازاروں میں کسان پلیٹ فارم قائم کر دیئے ہیں-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا ہے کہ کسان پلیٹ فارم پر کاشتکار اپنی اجناس براہ راست فروخت کریں گے اور کاشتکاروں کو اپنی اجناس فروخت کرنے کے لئے بلا معاوضہ جگہ دی گئی ہے - عوام کو سستے داموں سبزیاں میسر ہوں گی- انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ناجائز منافع خوروں کیلئے کوئی جگہ نہیں - عثمان بزدار سے ندیم افضل چن اور ارکان صوبائی اسمبلی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیںکیں حلقوں کے مسائل سے وزیر اعلی کو آگاہ کیا- وزیر اعلی نے ارکان پنجاب اسمبلی کے جائز کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے -عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر آنے والے نمائندوں کو پورا احترام دیں گے - عثمان بزدارنے سینیٹر کامل علی آغا کی اہلیہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ عثمان بزدارکی زیر صدارت پنجاب ہیرٹیج فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا ا جلاس 14سال بعد منعقد ہوا- عثمان بزدار پہلے وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے پنجاب ہیرٹیج فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کی- اجلاس میں صوبے کے تاریخی ورثے کی بحالی کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا- وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تاریخی ورثے کی بحالی کے لئے جامع پلان تیار کیا جائے اور اس ضمن میں جلد حتمی سفارشات پیش کی جائیں- وزیراعلیٰ نے محکمہ آرکیالوجی میں منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ منظور شدہ خالی آسامیو ںپر بھرتی کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں- اجلاس میں پنجاب ہیرٹیج فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا۔