• news

ندیم رضا چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی مقرر

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے جنرل ندیم رضا کو 27نومبر سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات کیا ہے۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو نئے سربراہ کی حیثیت سے مزید تین سال توسیع دینے کا نوٹیفکیشن اس سال 19اگست کو پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم محمود حیات موجودہ چیئرمین جنرل محمود حیات کی ریٹائرمنٹ کے بعد اس منصب کو چارج سنبھالیں گے جو 27نومبر کو اپنی مدت ملازمت پوری کرلیں گے۔ دریں اثناء ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر قومی سلامتی کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم عمران خان سے پی ایم ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی اندرونی و بیرونی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر پاک فوج کی خدمات کی تعریف کی۔ ملاقات میں مشرقی و مغربی سرحدوں کی صورتحال پر بھی بات ہوئی۔ آرمی چیف نے وزیراعظم کو دورۂ ایران پر بھی اعتماد میں لیا۔ حالیہ دنوں میں دونوں رہنمائوں کے درمیان یہ دوسری ملاقات ہوئی۔ دریں اثناء لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

ای پیپر-دی نیشن