• news

آیت اﷲ خامنہ ای کے اثاثوں کے حوالے سے خبر بے بنیاد ہے: ایرانی سفارتخانہ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کے پریس سیکشن نے ایرانی سپریم لیڈر کے اثاثے دو کھرب ڈالر کے عنوان سے چھپنے والی خبر کے بارے میں کہا ہے کہ یہ الزام جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ ایران موقر روزنامے کے ساتھ احترام کے رشتے کی تجدید کرتے ہوئے مذکورہ خبر کی سختی سے تردید اور یہ واضح کرتا ہے کہ اس طرح کی خبروں کی اشاعت دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کے منافی ہے۔ اسی طرح غیرقانونی اور غیر موثق ذرائع سے نقل کر کے خبر کی اشاعت موقر اور معتبر روزنامہ اور اس کے قاریوں کے شایان شان نہیں ہے اور ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کا سبب ہوتا ہے۔ آیت اﷲ خامنہ ای دنیا بھر کے اہل تشیع کے پیشوا اور انقلاب اسلامی ایران کے سپریم لیڈر اپنے عظیم سلف امام خمینیؒ کی طرح سادہ زندگی کی اعلیٰ مثال ہیں اور صداقت‘ امانت داری و خاکساری جیسے خصائل ہی بلند اقبالی اور دنیا بھر میں کروڑوں حریت پسند انسانوں کی ان کے ساتھ مودت کا راز ہیں۔ لہذا ان کے ساتھ جھوٹے ناروا اور غیرمستند اور غیر موثق الزامات منسوب کرنا ان کے پیروکاروں اور ان کے ساتھ مودت رکھنے والوں کے جذبات اور غیرت دینی کو مجروح کرتا ہے اور جھوٹے اور کینہ توزی کی ترویج کا مصداق ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر حکومتی ذمہ داری کے حوالے سے چند ایسی ریاستی کارپوریشنوں اور کمپنیوں کے سرپرست ہیں جن کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے ہیں جس کا مفہوم کسی بھی طرح ان کی ذاتی ملکیت نہیں ہے بلکہ ان کی ذمہ داری امانت دار کی ہے جو کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین کی طرف سے ان پر عائد کی گئی ہے۔ ان کی سادگی اور خاکساری کی مثالیں دنیا بھر اور خصوصاً پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں تجربہ کار اور مشاہیر مصنفین‘ جیسے ذوالفقار احمد چیمہ کی طرف سے تائید کی گئی ہیں۔ انہوں نے سپریم لیڈر کے گھر میں مشاہدے کے بعد اپنی تحریروں میں یہ زور دیا ہے کہ حضرت آیت اﷲ خامنہ ای جیسے سادہ زیست اور متواضع قائد ہی ریاست مدینہ کے قیام کا برحق دعوی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی سیاستدانوں کو نصیحت کی ہے کہ حضرت آیت اﷲ خامنہ ای کو ماڈل بنائیں۔ واضح رہے کہ اس طرح کی بے بنیاد باتوں کی اشاعت کا مقصد رائے عامہ کو گمراہ کرنا اور یہ ملت کے اخوت و بھائی چارے کی روح کے منافی ہے۔ اس طرح کی جھوٹی باتوں کا شائع ہونا دونوں دوست برادر ممالک ایران پاکستان کے درمیان جاری تعلقات میں روز افزوں اور ہمہ پہلو وسعت کے سلسلے میں مطابقت نہیں رکھتا ہے اور اس سے اجتناب کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن