پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر نعیم الدین کی ایجاد کردہ دوا امریکہ میں پیٹنٹ میئر ایڈیسن سٹی کا خطاب دے دیا گیا
کراچی(نیٹ نیوز) بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر نعیم الدین کنول کی سرتوڑ کوششوں کے بعد ایجادکردہ ایک اور دوا امریکہ میں پیٹنٹ ہو گئی۔ پیٹنٹ کی جانے والی یہ دوا براڈ سپیکٹرم اینٹی بائیوٹک ہے جو ٹائیفائیڈ، ٹونسیلائٹس، گلے، پھیپھٹروں، گردوں، آنکھوں ، سکن امراض اور آنتوں کے انفیکشن کیلئے کارگر ہوگی، اس سے قبل پاکستان کے 2 شہرت یافتہ بین الاقوامی سائنسدان ڈاکٹر سلیم الزماں صدیقی اور ڈاکٹر عطاء الرحمن کی ایجادکردہ میڈیسن بھی امریکہ میں پیٹنٹ ہوچکی ہیں۔ ادویات پر تحقیق کرنے والے پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر نعیم الدین کنول کی امریکہ میں اینٹی بائیوٹک دوا ایجاد کیے جانے پر امریکہ میں نیوجرسی کے شہر ایڈیسن سٹی (Edison City) میں ان کے اعزاز میں امریکن فارماسیوٹیکل کمپنی کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں دنیا بھر کے مختلف طبی تحقیق کرنے والے سائنسدانوں اور فارما سیوٹیکل سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی۔ تقریب میں ڈاکٹر نعیم الدین کو ایجاد کردہ میڈیسن پرایڈیسن سٹی کے مئیر کا لقب (خطاب) بھی دیا گیا۔ ڈاکٹر نعیم الدین کنول کا کہنا تھاکہ یہ دوا 32سال طویل اور مسلسل جدوجہد کے بعد دریافت کی ہے۔