• news

بی آر ٹی کیلئے ساتویں ڈیڈ لائن، کنٹریکٹر نے مارچ 2020ء تک مکمل کرنے کی تاریخ دیدی

پشاور(نیٹ نیوز) بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کی ساتویں ڈیڈلائن سامنے آگئی، کنٹریکٹر نے مارچ 2020ء تک منصوبہ مکمل ہونے کی تاریخ دے دی۔ صوبائی حکومت کی دی ہوئی ایک اور ڈیڈلائن گزر جانے کے خدشات پید ا ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق بی آر ٹی کے 30 بس سٹیشنوں پر کام مکمل نہیں ہوا جبکہ 14 بس سٹیشنوں پر جنوری کے آخر میں کام مکمل ہوگا۔ منصوبے کے کنٹریکٹر نے اگلے سال مارچ میں کام مکمل ہونے کی نئی تاریخ دی ہے۔ صوبائی حکومت نے دسمبر 2019ء میں منصوبہ مکمل ہونے کی چھٹی ڈیڈلائن دی تھی۔ ذرائع کے مطابق بی آر ٹی کے 30 بس سٹیشنوں پر کام مکمل نہیں ہوا، چمکنی سے امن چوک تک 16 سٹیشنوں پر 90 فیصد کام مکمل ہے، ان پر دسمبر کے آخر تک کام مکمل ہوگا جبکہ امن چوک سے حیات آباد تک کے 14 سٹیشنوں پر 85 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے، ان پر کام جنوری کے آخر میں مکمل ہوجائے گا۔ منصوبے کے ڈی جی پی ڈی اے محمد عزیز نے کہا ہے کہ بی آر ٹی منصوبے پر کام رواں مالی سال کے اندر مکمل کرلیں گے، ایشائی ترقیاتی بینک کے ساتھ جو لون ایگریمنٹ کیا گیا ہے، اس کے تحت منصوبہ جون 2021 میں مکمل ہونا ہے اور بینک سے کیے گئے معاہدے کے تحت کام کی رفتار بہت تیز ہے۔

ای پیپر-دی نیشن