صوبے میں صاف پانی کی فراہمی مشن، بہاولپور چیمبر سے مکمل تعاون کرینگے: گورنر پنجاب
لا ہور+بہاولپور +حاصل پور (بیورو رپورٹ+ نامہ نگاران+نیوزرپورٹر) امت مسلمہ متحد نہ ہونے کی وجہ سے آج فلسطین، کشمیر میں مسلمانوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔ پاکستان میں عدل و انصاف کا نظام ہو گا تو ملک میں خوشحالی آئے گی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گوٹھ شاہ محمد تحصیل خیرپور ٹامیوالی میں وڑائچ فارم ہائوس پر 200بچیوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کیا۔ چوہدری محمد سرور، ٹکٹ ہولڈر این اے 171چوہدری نعیم الدین وڑائچ، صوبائی وزیر سمیع اللہ چوہدری اور دیگر نے کہاکہ جب سے مسلمانوں نے اللہ تعالیٰ کے احکامات سے روگردانی کی ہے تب سے امت مسلمہ زوال پذیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کے ویژن ریاست مدینہ کے تحت وڑائچ برادران نے 200سے زائد غریب یتیم بچیوں کی شادیاں کروا کر حضور اکرم ؐ کی خوشنودی حاصل کر رہے ہیں انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر میرٹ پر لگائے جا رہے ہیں شہروں دیہی علاقوں میں صاف پانی مہیا کرنا میرا مشن ہے ۔انہوں نے کہاکہ سابقہ ن لیگ کے دور میں گورنر شپ سے اس لیئے استعفیٰ دیا تھا گورنر کے اختیارات کم اور قبضہ گروپوں کے زیادہ تھے انہوں نے کہاکہ آئندہ گورنر ہائوس لاہور میں 200بچیوں کی اجتماعی شادی منعقد کروائی جائے گی انہوں نے کہاکہ یتیم بچیوں کے سر پر ہاتھ رکھنے سے جو سکون ہمیں میسر آیا ہے وہ اپنی اولا د کے ساتھ بھی نہیں آتا بعدازاں انہوں نے بچیوں کوقرآن پاک کے تحفے اور دولہوں کو سلامی دی اور رخصت کیئے اس موقع پر ایم این اے فاروق اعظم، ایم این اے رحیم یارخاں چوہدری ظفر اقبال، میاں فرزند علی گوہیر، محمد اصغر جوئیہ، انجمن تاجران بہاولپور کے صدرسید اسرار حسین شاہ ، مرکزی انجمن تاجران کے صدر ڈاکٹر منصور خاں کھرل، سعد اللہ چوہدری، چوہدری وسیم الدین وڑائچ، چوہدری کلیم الدین وڑائچ، چوہدری علیم اللہ وڑائچ کے علاوہ بہاولپور ، خیر ٹامیوالی اور حاصل پور پی ٹی آئی کے راہنمائوں اور کثیر تعداد میں معززین نے شرکت کی۔دریں اثناء بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے صدرچیمبرجاوید اقبال چوہدری کی قیادت میں بہاولپور کے دورے پر آئے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے سرکٹ ہائوس میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر بہاولپور چیمبر کے سینئر نائب صدر احمد بلال ،نائب صدر محمد الیاس خان ، اراکین ایگزیکٹو چوہدری تنویر اختر، منظور عباس نسیم، سابق صدورمبشر حسین، سیٹھ محمد ارشد، غلہ منڈی بہاولپور کے سابق صدر حاجی عبد المجیداور ڈاکٹر محمد افضل ایم پی اے موجود تھے ۔ صدر چیمبر نے چیمبر کی جانب سے مطالبات پیش کرتے ہوئے بہاولپو ر انڈسٹریل اسٹیٹ کے فنڈز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت فنڈز کی کمی کی وجہ سے انڈسٹریل اسٹیٹ پر جاری تعمیراتی کام سست روی کا شکار ہے لہٰذا اسٹیٹ میں تیز رفتاری سے کام کی تکمیل کے لیے فوری طور پر فنڈز جاری کیے جائیں ۔صدر چیمبر نے CPECکے ثمرات سے بہاولپور کو محروم رکھنا افسوس ناک ہے لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ بہاولپورکو بھی CPECسے منسلک کیا جائے اور موٹر وے کے ذریعے اپروچ دی جائے۔صدر چیمبر نے بہاولپور میں پینے کے صاف پانی کے لیے شہر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب پر بھی بات کی۔ صدر چیمبرنے یہ بھی کہا کہ جنوبی پنجاب میں کہیں بھی EXPO Center نہیں ہے لہٰذا بہاولپور میں اس کے قیام کو بھی یقینی بنایا جائے۔