بڑی صنعتوں کی پیداوار 6 فیصد کم، فرٹیلائزر، انجینئرنگ، الیکٹرانکس میں اضافہ: ادارہ شماریات
لاہور(کامرس رپورٹر)رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار گزشتہ سال سے 6 فیصدکم رہی۔ ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مجموعی طور پر گزشتہ سال سے 5.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق جولائی اور ستمبر کے دوران آٹو سیکٹر کی پیداوار پہلے سے 34 فیصد کم رہی، لوہے اور سٹیل کی پیداوار 17، پٹرولیم مصنوعات 14 اور فارماسیوٹیکل سیکٹر کی پیداوار میں 12 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، کیمیکلز کی پیداوار گزشتہ سال کے مقابلے میں 9 فیصد، خوراک اور مشروبات کی تیاری 8 فیصد کمی رہی، اس دوران فرٹیلائزر، انجینئرنگ اور الیکٹرونکس اشیا کی تیاری میں اضافہ دیکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران انفرادی طور پر 58 بڑی صنعتوں کی پیداوار پہلے کے مقابلے میں کم رہی، پی ٹی آئی کے سوا سال کے دوران مجموعی طور پر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔