نیب کا شہباز‘ حمزہ کیخلاف زبردستی بیان لینا قابل مذمت‘ اعلیٰ عدلیہ نوٹس لے: مسلم لیگ ن
لاہور(خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ گزشتہ سوا سال سے نیب نیازی گٹھ جوڑ تواتر سے سامنے آرہا ہے، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سکینڈل میں گرفتار ہونے والے افراد سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف زبردستی بیان لینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ہم نے پیسے لے کر ٹھیکے دیئے اور یہ رقم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو دی گئی، احتساب عدالت کے جج کے سامنے وسیم اجمل نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا ہے، اگر شنوائی نہ ہوئی تو اعلی عدلیہ سے رجوع کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ملک محمد احمد خان اور عطاء اللہ تارڑ نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ وسیم اجمل نے زبردستی بیان والی بات معزز جج کے سامنے کی ہے، احد چیمہ اور فواد حسن فواد سے بھی اسی خواہش کا اظہار کیا گیا، نیب آڈیٹر جنرل کا کردار ادا کرنے لگی ہے، ہم نیب کے زبردستی اقبالی بیان لینے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ اعلیٰ عدلیہ اس کا نوٹس لے۔ نیب اگر یکطرفہ احتساب کرے گا تو باقی کیا رہ جائے گا۔ شہباز شریف کے دونوں کیسز نیب کیخلاف چارج شیٹ ہیں، کیا نیب چیئرمین بیلنسنگ ایکٹ کرنا چاہ رہے ہیں، اگر چیئرمین نیب نے حکومتی اراکین کا احتساب کرنے کا کہا ہے تو انہوں نے دیر کیوں کی۔ ایکنک والوں نے پشاور بی آر ٹی منصوبہ کیوں منظور کیا، انتخابات سے پہلے نیب کا کردار کیا تھا وہ دیکھ لیا جائے۔ اگر لاہور میں صفائی کا نیا نظام نہ بنتا تو شہر میں گندگی کے انبار لگ چکے ہوتے، حکومت اپنے اقدامات سے اعلی معیار کے ماڈلز کو تباہ کر رہی ہے۔ تبدیلی کے نام پر ملک کے ساتھ جو کیا گیا ہے اللہ تعالیٰ ہی اس سے بچائے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ نیب نیازی کے گٹھ جوڑ سے اغوا برائے تاوان کے سلسلے کی مذمت کرتے ہیں۔وسیم اجمل سے صرف دوگھنٹے تفتیش کی گئی اور پھر اقبالی بیان دلوانے پر زور دیا گیا،پی ٹی آئی والے نیب کے طور پر بیان دیتے ہیں،بی آر ٹی اور مالم جبہ سمیت دیگر کیسز نیب کو نظر کیوںنہیں آتے،کیا نیب ایک آزاد ادارہ ہے یا نیازی صاحب کے حکم پر من و عن عملدرآمد کرتا ہے ،اغوا ء برائے تاوان شہباز شریف کیخلاف اقبالی بیانات دلوانے کے لئے کئے جا رہے ہیں۔ آج مہنگائی 12 فیصد چلی گئی اور ترقی کی شرح2 فیصد پر آ گئی ہے ،پی ٹی آئی کو مسئلہ شہباز شریف کی کارکردگی سے ہے،خود ان کی کارکردگی کچھ نہیں جس پر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں، کیا نیب کا کام صرف اقبالی بیان دلوانا رہ گیا ہے، نیب اس کی وضاحت کرے۔ نیب والے نیازی صاحب کے ہاتھوں میں مت کھیلیں۔