• news

موجودہ بورڈ میں پی ایس ایل سنبھالنے کی اہلیت نہیں : نعمان بٹ

لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے رکن محمد نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی موجودہ انتظامیہ میں پاکستان سپر لیگ کو سنبھالنے کی اہلیت نہیں ۔ بدانتظامی اور من مانیوں عروج پر ہیں۔ پاکستان کے کامیاب ترین ایونٹ، معاشی سرگرمی اور ملکی کرکٹ کو نیا رنگ دینے والی لیگ کے مسائل پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی اور ملکی تاریخ کے مہنگے ترین چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ پی ایس ایل فرنچائز مالکان نے مشکل وقت میں کرکٹ بورڈ کا ساتھ دیا اور ملکی کرکٹ کو سہارا دیا آج انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ فرنچائز مالکان نے لاکھوں ڈالر خرچ کیے ہیں پانچ سال لیگ کو دیے ہیں اور موجودہ انتظامیہ صلے میں دیوار سے لگا رہی ہے۔ یہی لیگ تھی، یہی مالکان تھے اور سب کچھ بہترین اندازمیں چل رہا تھا جب سے احسان مانی نے چارج سنبھالا ہے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں۔پی ایس ایل ملک کا اثاثہ‘ بچانے کیلئے حکومتی اداروں کو حرکت میں آنا ہو گا۔ نااہل انتظامیہ کو گھر بھجوانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ۔ انکی نظریں کرکٹ بورڈ کے خزانے پر ہیں اور بھاری تنخواہوں میں خزانہ لٹایا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن