سپریم کورٹ آصف زرداری، فریال کی درخواست پر منگل کو سماعت کریگی
اسلام آباد (این این آئی + نوائے وقت نیوز) جعلی بنک اکائونٹس کیس کراچی سے اسلام آباد منتقلی کے معاملہ پر سپریم کورٹ میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔ سپریم کورٹ سے جاری کاز لسٹ کے مطابق جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا جبکہ جسٹس اعجاز الاحسن بھی بنچ کا حصہ ہونگے۔ واضح رہے کہ آصف زرداری اور فریال تالپور نے مقدمہ کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔ کازلسٹ کے مطابق درخواست پر سماعت 26 نومبر کو ہوگی۔ ادھر پمز ہسپتال کے میڈیکل بورڈ نے آصف علی زرداری کا طبی معائنہ مکمل کر لیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت بدستور ناساز ہے۔ گزشتہ رات آصف علی زرداری کی کمر میں شدید تکلیف رہی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق آصف زرداری کا شوگر لیول اور بلڈ پریشر بھی نارمل نہ ہوا۔ سابق صدر کے دل کی دھڑکن میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔