لاہور: فیض ایکسپریس کا انجن‘ بھکر میں تھل ایکسپریس کی 2 بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں
نارنگ منڈی‘ بھکر (نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) لاہور ریلوے سٹیشن پر فیض احمد فیض ایکسپریس کا انجن‘ بھکر میں تھل ایکسپریس کی 2 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں‘ مسافروں کو مشکلات‘ تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات لاہور ریلوے سٹیشن پر نارووال سے آنے والی فیض احمد فیض ایکسپریس کا انجن کانٹا برسٹ ہو جانے کے با عث پٹڑی سے اتر گیا جس کے باعث نارووال سیکشن سمیت کئی سیکشنوں پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل رہی اور بے شمار مسافر ٹکٹ واپس کر کے دیگر زرائع استعمال کرنے پر مجبور ہو گئے‘ اور ریلوے کو کوستے رہے ۔ چار بجے فیض احمد فیض جب لاہور سٹیشن کے پلیٹ نمبر تین پر کھڑی ہوئی اور انجن علیحدہ کر کے شیڈ جانے کیلئے روانہ کیا گیا تو چند فٹ کے فاصلہ پر کانٹا برسٹ ہو گیا جس کے باعث نارووال جانے والی فیض احمد فیض ایکسپریس کے سینکڑوں مسافرکئی گھنٹے تک بے یارو مدد گار بارش اور سردی میں ٹھٹھرتے رہے، مسافروں نے کنٹرول آفس کا گھیرائو کیا تو ڈیوٹی پر موجود آفیسر کا کہنا تھاکہ انجن کو پٹری پر لانے کیلئے کرین کا ڈرائیور موجود نہیں اسے اور دیگر عملہ کو گھروں سے بلایا جا رہا ہے جب آئیں گے تب کرین آجائے گی جس پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا، نو بجے کرین نے پہنچ کر ٹریک کو صاف کیا اور پھر ٹرین نارووال کو روانہ ہوئی ۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بھکر میں پنجگرائیں کے قریب تھل ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ ریلوے ذرائع کیمطابق حادثہ پٹڑی پر ریت جمع ہونے کے باعث پیش آیا۔ حادثے سے کندیاں‘ کوٹ ادو سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔ جس پر ریسکیو ٹرین کو کوٹ ادو سے طلب کر لیا گیا۔