نوازشریف جیل میں بیمار، محل میں ٹھیک انہیں سیاسی بیماری ہے: فردوس عاشق
سیالکوٹ/ اسلام آباد (نامہ نگار/ نوائے وقت رپورٹ/ اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میاں صاحب جیل میں بیمار اور محفل پہنچ کر صحت مند ہو جاتے ہیں۔ سابق وزیر اعظم آستینیں چڑھا چڑھا کر کہتے تھے کہ میرا جینا مرنا عوام کیساتھ ہے، ظل سبحانی کا چند دن جیل میں گزارنا مشکل ہو گیا ، نواز شریف کا ہنستا مسکراتا چہرہ جو تصویروں میں عیاں ہے ان کے ترجمان بتائیں کہ اب ان کے پلیٹ لیٹس کتنے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ بیمار کے ساتھ وہ سہولت کار بھی گیا جو خود نیب اور عدالتوں کو مطلوب ہے۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ سہولت کار کوکیا بیماری ہے نواز شریف کی بیماری کا نام سیاسی بیماری ہے ۔ عوام کو ریلیف دینے والے کا نام صرف عمران خان ہے باقی سب مسترد شدہ لوگوں کا ٹولہ ہے ۔ حکومت پاکستان کے اندر ایجوکیشن ریفارمز پر کام کرتے ہوئے یکساں نصاب تعلیم کی طرف رواں دواں ہیں۔ تمام صوبائی حکومتیں وزیراعظم کی اس پالیسی پر متفق ہیں، تعلیمی اہلیت صرف ڈگری کی محتاج نہیں ہو گی، نواز شریف کی بیماری سیاستدان ہی بتا سکتا ہے کہ انہیں سیاسی بیماری ہے، لندن میں بیماری کی تشخصی نہیں ہو سکی۔ فارن میں اکائونٹس، کاروبار، علاج کرانے والے اور ان کے ہم نوا فارن فنڈنگ کیس میں بھی منہ کی کھائیں گے۔ اپوزیشن سیاسی منافقت کی زندہ مثال بن چکی ہے۔