ٹرمپ نے طالبان کیساتھ مذاکرات بحالی، افغانستان سے انخلا کا عندیہ دیدیا
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغان امن مذاکرات کو معطل کرنے کے اپنے اقدام پرنظرثانی کرتے ہوئے ایک بار پھر مذاکرات کی بحالی کا عندیہ دیا ہے۔ فوس نیوز سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے افغان امن مذاکرات کی بحالی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلاء بھی شروع کیا جائیگا۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم طالبان سے ایک معاہدے پر اتفاق پیدا کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے کہ تاہم انہوں نے تفصیلات بتاتے سے گریز کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے خیالات میں تبدیلی طالبان کیجانب سے اپنے تین رہنماؤں کی رہائی کے بدلے مغربی امریکی پروفیسر کو آزاد کرنے کے بعد آئی ہے۔ امریکی پروفیسر کی طالبان کی قید سے رہائی کے دوران ہونے والے مذاکرات کے درمیان فریقین کے درمیان اعتماد کی فضاء قائم ہوئی ہے۔یاد رہے کہ امریکی صدر نے کابل میں طالبان حملے میں امریکی فوجی کی ہلاکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 8 ستمبر کو قطر میں ہونے والے امن مذاکرات کو معطل کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔