• news

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس 15 روز میں نمٹانے کا فیصلہ نہیں ہوا: الیکشن کمشن

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمشن کے وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ کیس 15 روز میں نمٹانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا‘ پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ کیس روزانہ کی بنیاد پر سننے کا حکم دیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے 15 روز میں معاملہ نمٹانے سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔ دوسری طرف الیکشن کمشن نے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان کی ریٹائرمنٹ سے متعلق حکومت کو آگاہ کر دیا ہے۔ وزارت پارلیمانی امور کو چیف الیکشن کمشنر کا خط موصول ہوگیا۔ چیف الیکشن کمشنرکی ریٹائرمنٹ کے بعد الیکشن کمشن غیرفعال ہو جائے گا۔
اسلام آباد (قاضی بلال) تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کی رپورٹ کو مد نظر رکھ کر جلد از جلد فیصلہ کیا جائے گا ۔ پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کے حوالے سے اپوزیشن کی جماعتوں نے چیف الیکشن کمشنر سے استدعا کی تھی کہ اس کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے، اپوزیشن رہنمائوں نے اس حوالے سے چند روز قبل چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی تھی ۔ جس کے بعددوسرے روز الیکشن کمیشن کے سربراہ نے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا تھا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اس کیس کی سماعت کریںگے۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے عندیہ دیا ہے کہ پندرہ روز میں اس کیس کا فیصلہ سنا دیا جائے گا ۔ دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن نے مدت کے تعین کے حوالے سے تردید کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن