نوازشریف کا ہسپتال میں چیک اپ‘ دل کے مزید ٹیسٹ تجویز
لندن (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم نوازشریف کا ہسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا۔ جمعہ کو ڈاکٹر نے پارک لین فلیٹ جا کر معائنہ کیا تھا۔ دماغ کو خون پہنچانے والی شریان80 فیصد بند ہے۔ نوازشریف طبی معائنے کیلئے یونیورسٹی کالج ہسپتال گئے۔ شہباز شریف نے قوم سے نوازشریف کی صحت کیلئے دعا کی اپیل کی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نے نوازشریف دل کے مزید ٹیسٹ تجویزکئے ہیں۔ نوازشریف کی صحت کے دیگر ایشوز پر گائر ہسپتال میں انویسٹی گیشنز ہو رہی ہیں۔ ایک سوال پر کہا کہ دیار غیر میں ہوں۔ عمران خان نیازی کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتا، عمران خان نے وہ باتیں کیں جو ان کو زیب نہیں دیتیں۔ ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر لارنس نے مئی2016ء میں نوازشریف کے دل کا بائی پاس آپریشن کیا تھا۔ دل کے آپریشن کے بعد سے ڈاکٹر لارنس نے نوازشریف کی طبی دیکھ بھال جاری رکھے ہوئے ہیں۔
لندن (چودھری عارف پندھیر ) شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے چند روز بہت غلط باتیں کی ہیں عمران نیازی کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں، میں ان کے بارے میں کوئی بات نہیں کرنا چاہتا، انہوں نے قوم سے نواز شریف کی صحت کیلئے دعا کی اپیل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر لارنس نے نواز شریف کا معائنہ کیا ہے اور انہوں نے مزید ٹیسٹ تجویز کئے ہیں، نواز شریف کا آئندہ ہفتے پی ای ٹی سکین ہوگا۔ دوسری جانب سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ میرے والد کے بارے میں عمران خان کا بیان چھوٹے پن کا عکاس ہے۔ عمران نیازی نے مجمع میں اخلاق سے گری ہوئی باتیں کیں۔ نواز شریف کی بیماری کے باے میں خود تحقیق کرانے کا بیان دیا، وزراء نے بھی بیمار ہونے کی تصدیق کی، نواز شریف پر وہیل چیئر استعمال نہ کرنے پر تنقید غیر مناسب ہے۔