• news

پہلے روز کہا تھا وزیراعظم کا استعفیٰ آئیگا نہ اسمبلیاں تحلیل ہونگی: پرویز الٰہی

لاہور (نیوز رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مذاکرات میں استعفیٰ دینے کی کوئی بات نہیں کی گئی بلکہ پہلے دن ہی کہہ دیا تھا کہ استعفیٰ ہو گا اور نہ ہی اسمبلیاں تحلیل ہوں گی۔ وہ جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کے بیان پر تبصرہ کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اتحادی جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور ملک کو معاشی بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی زیرقیادت متفقہ حکمت عملی پر عمل کر رہے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ یہ ربیع الاول کا مبارک مہینہ ہے جس میں محسن کائنات اور نبی آخر الزمان ﷺ اس دنیا میں تشریف لائے‘ ان کی سیرتؐ پر عمل کرتے ہوئے خلق خدا کو معاف کرنا سیکھنا چاہئے اسی میں سب کی بھلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کے درمیان حکومت کو بھی اس بات کی کوئی ضمانت نہیں دی گئی تھی کہ دھرنا ختم ہونے کے بعد تمام معاملات درست ہو جائیں گے اور تمام اپوزیشن حکومت کے حق میں بولنا شروع کر دے گی۔

ای پیپر-دی نیشن