• news

تحریک آزادی کشمیراور نظریہ الحاق پاکستان پرکوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، شاہ غلام قادر

نیلم(نامہ نگار)قائم مقام صدر آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ حکومت نے آج کا دن 23نومبر2016 کے شہداء نیلم کو با لخصوص اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہداء کیلئے با لعموم خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختص کیا ہے۔ تحریک آزادی کشمیراور نظریہ الحاق پاکستان پرکسی قسم کاکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ نیلم کے بہادر لوگوں نے تحریک آزادی کشمیر کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا 1989سے لے کر آج تک نیلم کے لوگوں نے2700جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار قائم مقام صدر آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے جموں و کشمیر لبریشن سیل اور انتظامیہ نیلم کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز آٹھمقام میں ’’یوم شہداء نیلم‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے پالیسی سازوں کو آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کو اعتماد میں لا کر تحریک آزادی کشمیر پر ایک جامع حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔حکومت پاکستان کو تحریک آزادی کشمیر کو کامیاب بنانے کیلئے مسلسل اور دیر پا اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ سوشل میڈیا پر غیر ذمہ دارانہ پوسٹس کرنے سے گریز کرنا چاہیے تاکہ نیلم کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے دی گئی قربانیاں ضائع نہ جائیں۔حکومت آزادکشمیر نے متاثرین سیز فائر لائن کیلئے بروقت اقدامات اٹھائے ہیں۔23نومبر2016کے شہداء کے لواحقین کی دلجوئی کیلئے حکومت نے تین تین لاکھ فی کس بروقت امداد پہنچائی اور سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے دس دس لاکھ ورثاء کی دلجوئی کیلئے فراہم کئے۔آزادکشمیر حکومت انڈین فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونیوالے افراد کومفت علاج کی سہولت فراہم کررہی ہے ۔تقریب سے سابق وزیرحکومت مفتی منصورالرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پاکستان آزاد کشمیر کی تمام سیاسی پارٹیوں کو آپس کے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکر موجودہ صورتحال کے پیش نظر تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے ایک جامع حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔تحریک آزادی کشمیر کیلئے نیلم کے شہیدوں کی قربانیاںمقبوضہ کشمیر میں جانوں کانذرانہ پیش کرنیوالوں کے برابر ہے ۔انہوں نے کہاکہ سیز فائرلائن کی موجودہ صورتحال کے پیش نظرناگہانی آفات اور حادثات سے بچنے کیلئے لوگوں کوتربیت دینے کی ضرورت ہے ۔اس سے پہلے سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل منصورقادر ڈار نے ناسازگارحالات کے باوجود قائم مقام صدر ودیگرمہمانان ’’یو م شہدائے نیلم‘‘کی تقریب کیلئے وقت نکالنے پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ110دن سے مقبوضہ وادی میں لاک ڈائون ہونے کے نتیجے میں خوراک ، ادویات کی قلت کے باوجود کشمیری بہادر لوگ بھارت کیخلاف احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیری سخت اذیت کے باوجود کشمیر بنے گاپاکستان کانعرہ لگاتے ہیںاوراپنے شہداء کو پاکستان کے پرچم میں لپیٹ لیکر دفن کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کی یاد میں حکومت آزادکشمیر سال میں 26دن مناتی ہے جن میں یوم شہدائے نیلم بھی شامل ہوچکاہے ۔انہوں نے کہاکہ نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی آواز بلند کریںتاکہ آزادی کشمیر کی تحریک کو تقویت مل سکے ۔تقریب سے ڈائریکٹرجموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف خان، ڈپٹی کمشنر نیلم راجہ محمود شاہد، صدر پریس کلب نیلم جاوید اسداللہ ،پرنسپل انٹرکالج اٹھ مقام لیاقت خان، عبدالصموداعوان ایڈووکیٹ، طاہرضیائو ناظم جموں وکشمیر اے ٹی آئی ،عارف مصطفائی ،آفتاب تبسم ودیگر نے خطاب کیا۔ تقریب میں مختلف سیاسی وسماجی شخصیات کے علاوہ ضلعی انتظامیہ ، صحافی ، وکلاء ، تاجران، طلباء ، شہداء کے ورثاء اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی ۔آخر میں شہداء کے ایصال ثواب اور بلندی درجات،ملک وملت کی سلامتی اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے خصوصی دعامانگی گئی ۔

ای پیپر-دی نیشن