• news

پریذائیڈنگ آفیسراورسکیورٹی سٹاف موبائل فون استعمال کرسکے گا،الیکشن کمیشن

میرپور(نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ؍ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میاں نعیم اللہ کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن آزاد جموں وکشمیر کی طرف سے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں پولنگ کے روز پولنگ اسٹیشن پرراز داری اور الیکشن کی شفافیت کوبرقراررکھنے کے سلسلہ میں پریذائیڈنگ آفیسر صاحبان کوہدایات جاری کردی گئی ہیں پولنگ کے دن پریذائیڈنگ آفیسراورسکیورٹی سٹاف کے علاوہ کوئی بھی شخص(بشمول بقیہ پولنگ اسٹاف؍ الیکشن ایجنٹس ؍ووٹر) موبائل فون یاکسی بھی قسم کی الیکٹرانک ڈیوائس استعمال نہیں کرسکے گا۔ پولنگ کے اختتام پرگنتی کے بعد پریذائیڈنگ آفیسر غیرحتمی انتخابی نتیجہ فارم نمبر14 تیارکرکے اس کی نقول حاضرپولنگ ایجنٹس کوفراہم کرے گا۔ ریٹرننگ آفیسر کے دفترمیں پولنگ بیگز کی واپسی پررزلٹ ترتیب دیتے وقت بھی کسی بھی قسم کی الیکٹرانک ڈیوائس( موبائل ؍ٹیبلٹ؍لیپ ٹاپ؍کیمرہ) کسی بھی شخص کے پاس نہیں ہوگا۔ انتخابی امیدواران اپنے حلقے کے کسی بھی پولنگ اسٹیشن کے وزٹ کے دوران اپنے ہمراہ 8 سے زیادہ افراد نہیں رکھیں گے اور پولنگ اسٹیشن کامعائنہ کے دوران وہ آٹھ افراد پولنگ اسٹیشن کے احاطہ میں داخل نہیں ہونگے۔ انتخابی امیدواراپناووٹ ڈالنے کے لیے جب اپنے پولنگ اسٹیشن پرجائے گاتو اس کے ساتھ آٹھ سے زیادہ افراد نہیں ہونے چاہیں جبکہ امیدوار ووٹ پول کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشن ؍پولنگ بوتھ میں اکیلاداخل ہوگا۔ پولنگ اسٹیشن پرالیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ انٹری پاس کاحامل صحافی ہی کوریج کے لیے داخل ہوگا اور الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ میڈیاپالیسی کی سختی سے پابندی کی جائے گی۔الیکشن کے دن آزادکشمیرکے اندر غیرریاستی افراد کی نقل وحرکت پرسخت نظررکھی جائے گی۔ ووٹرز کے لیے ووٹ پول کرتے وقت اصل قومی شناختی کارڈ ؍مہاجرین آمدہ 1989-90 ء مابعد کے لیے اصل مہاجرکارڈ دکھانا لازمی ہوگاتاہم زائد المعیاد شناختی کارڈ بھی ووٹ ڈالنے کے لیے Valid ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن