ڈیوٹی میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگی:ڈی سی قصور
قصور(نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر قصور/ایڈمنسٹریٹر اظہر حیات کے زیر صدارت میونسپل کارپوریشن قصور کا اہم اجلاس ہوا۔ جس میں تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی ریلیف اور شہری ترقی کیلئے میونسپل کارپوریشن کی سروسز کے معیار کو بہتر کیا جائیگا اور دستیاب وسائل کو دانشمندی سے استعمال کرتے ہوئے عوامی بہبود اور شہری خوبصورتی کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی عمدہ کارکردگی سے ہی عوامی مسائل تیز رفتاری سے حل ہوتے ہیں جس کیلئے افسران اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اعلی نظم و نسق کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی سرگرمیوں میں مکمل شفافیت برقرار اور شہر کی صفائی ستھرائی ،محلوں کی سٹریٹ لائٹس کو بحال رکھنے کیلئے ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ثمرات شہریوں تک پہنچنے چاہیں اس ضمن میں غیر فعال واٹر فلٹریشن پلانٹس کو چالو کرنے کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کی جائے ۔تمام عملہ احسن طریقے سے ڈیوٹی سرانجام دے کوتاہی کرنیوالوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ۔