مہنگائی کم کرنے کا ٹائم فریم نہیں دے سکتے : مشیر تجارت
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے مہنگائی کم کرنے سے متعلق کوئی بھی ٹائم فریم دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ایک بیان میں مشیر تجارت نے کہا کہ معیشت درست سمت پر آ چکی ہے مگر عوام تک اثرات پہنچنے میں دیر لگے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی بہت بڑا مسئلہ ہے‘ جسے کنٹرول کرنے کی بھرپور کوشش کرر رہے ہیں لیکن اس کے لئے کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔ عبدالرزاق داؤد نے یہ بھی کہا کہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں جلد کنٹرول میں آ جائیں گی۔ مختلف شعبوں میں اصلاحات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سے ایشوز ورثے میں ملے ہیں جن پر مرحلہ وار قابو پا لیں گے۔ مشیر تجارت نے کہا کہ ڈالر اب مستحکم ہو چکا ہے اس میں اتار چڑھاؤ ٹل گیا ہے جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین سے سی پیک پر کئی معاملات درست سمت میں جا رہے ہیں۔ اس کی رفتار بھی درست ہے جبکہ امریکہ کے اپنے مفادات ہیں۔