پاکستان اب متحدہ عرب امارات میں کرکٹ سیریز نہیں کھیلے گا: وسیم خان
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی سیریز اب متحدہ عرب امارات میں نہیں کھیلے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اپنی سیریز اب اپنے ملک میں کھیلیں گے، یو اے ای میں کرکٹ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مالی نقصان ہوا۔ آخری ایک سال میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں کافی کامیابیاں حاصل کیں ہیں۔وسیم خان کا کہنا تھا کہ دس سال بعد پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ واپس آ رہی ہے۔ پاکستان میں کرکٹ کا جنون پایا جاتا ہے۔ انگلینڈ ٹیم کا دورہ پاکستان کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔پی سی بی کے سی ای او کا کہنا تھا کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا ٹیم کے دورے سے پہلے دوسرے ممالک کے ساتھ سیریز ہیں۔ جنوبی افریقہ ،آئرلینڈ اور افغانستان کی ٹیم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہوئی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ برس ایم سی سی کی ٹیم کا دورہ پاکستان متوقع ہے۔ انگلینڈ بورڈ کے سی ای او اور کرکٹ اسٹریلیا کے چیئر مین پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے متحد ہیں۔