جعلی اکائونٹس کیس: نیب نے آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کر دیا
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ) نیب نے جعلی اکاؤنٹس و منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کردیا۔نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا ہیکہ نجی بینک کے فنڈز کا غلط استعمال کیا گیا اور بے نامی دار کے نام پر زمین خریدی گئی۔ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ ملزم مشتاق کا سابق صدر کے ساتھ مشترکہ اکاؤنٹ بھی ہے اور بینک ریکارڈ کے مطابق اکاؤنٹ آصف زرداری کے لیے استعمال ہوتا تھا، اس اکاؤنٹ کے ذریعے بیرون ملک رقم بھی منتقل ہوتی تھی۔ریفرنس کے مطابق 8.3 ارب روپے کی رقم جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے نکلوائی گئی اور نجی بینک کے اکاؤنٹ سے غیرقانونی طور پر 1200 ملین روپے منتقل کرائے گئے جب کہ 950 ملین روپے کی رقم دوبارہ آصف زرداری کے استعمال کے اکاؤنٹس میں منتقل ہوئے۔ریفرنس میں مزید الزام عائد کیا گیا ہیکہ انور مجید، عبدالغنی مجید اور مصطفیٰ ذوالقرنین کا سارے معاملے میں اہم کردار ہے۔