پنجاب اسمبلی: ناروے میں قرآن پاک کی بیحرمتی کیخلاف متفقہ مذمتی قرارداد
لاہور،اسلام آباد‘ پشاور( خصوصی نامہ نگار،وقائع نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) پنجاب اسمبلی نے ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کر لی جبکہ حکومت نے چار بل بھی منظور کر لیے۔ سپیکر نے صوبائی وزیر کی ایوان میں موجودگی کے باوجود پارلیمانی سیکرٹری کی جانب سے سوالات کے جوابات دینے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی ٹریننگ سینیٹر نہیں۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی صدارت میں ایک گھنٹہ 13 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس میں آغاز پر ہی سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے صوبائی وزیر سردارمحسن لغاری سے استفسار کیا کہ آپ جب ایوان میں موجود ہیں تو سوال کا جواب خود دیں،جس پر وزیر سردار محسن لغاری نے کہا کہ میں پارلیمانی سیکرٹری کی تربیت کیلئے انہیں موقع دے رہا ہوں، جس پر سپیکر نے کہا کہ ان کی تربیت کیلئے میں موجود ہوںاور یہاں کوئی تربیت نہیں ہوتی اگر جواب پارلیمانی سیکرٹری نے ہی دینا ہے تو آ پ کو ایوان سے باہر جانا ہوگا۔سپیکر کی جانب سے برہمی کا اظہار کرنے پر محسن لغاری نے خود جوابات دینا شروع کر دئیے۔اسی دوران سپیکر پنجاب اسمبلی نے سیکرٹری آبپاشی کی گیلری میں عدم موجودگی پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا۔سیکرٹری کی عدم موجودگی پر سپیکر نے وقفہ سوالات موخر کردیا۔سیکرٹری آبپاشی کے آنے پر دوبارہ وقفہ سوالات شروع کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے نہروں کی بھل صفائی نہ ہونے پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ میرے ضلع گجرات کے لوگ بھی شکایتیں کررہے ہیں ۔سابق وزیراعلی غلام حیدر وائیں بھل صفائی کے لئے مشہور ہو گئے تھے۔ہمارے دور میں بھی بھل صفائی کروائی گئی سپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر آبپاشی نہروں کی بھل صفائی کا انتظام کریں۔وزیر آبپاشی نے ایوان کو بتایا کہ موجودہ حکومت 11 چھوٹے ڈیم بنانے پر کام کر رہی ہے، چھوٹے ڈیم بنانے پر ہمارا سندھ سمیت کسی صوبے سے جھگڑا نہیں ہو گا۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ناروے میں قران پاک کی بے حرمتی پر مذمتی قرارداد پیش کی گئی۔ مسلم لیگ (ق) کی خدیجہ عمر کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان ناروے کی انتہا پسند اسلام مخالف جماعت سیان کی طرف سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی پرزور مذمت کرتا ہے۔پنجاب اسمبلی کا ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ناروے حکومت کو ذمہ داران کیخلاف کارروائی پر مجبور کیا جائے۔ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔اجلاس میں ڈیرہ غازی خان میں نئے بننے والے ہسپتال کا نام وزیر اعلی عثمان بزدار کے والد سردار فتح محمد بزدار کے نام پر رکھنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی جس پر وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ جو شخص اچھا کام کرے اسے کریڈٹ دینا چاہئے۔ایوان میں کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنیز آف لاہور،گجرانوالہ،راولپنڈی اور سرگودھا ڈویڑن17 -2016 ،پنجاب حکومت کے مالی سال 17-2016 کے اکائونٹس کی رپورٹ ،پنجاب حکومت کے مالی سال 17-2016 کی فنانشل سٹیٹمنٹ ،میٹروپولیٹن کی سپیشل آڈٹ رپورٹس ایوان میں پیش کی گئیں جنہیں سپیکر نے پبلک اکائونٹس کمیٹی ٹوکے سپرد کر دیا۔ سمیع اللہ خان نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں سے اپوزیشن کے مستعفی ہونے کے معاملے پر ڈیڈ لاک کو ختم کیا جائے پاکستان کی جمہوریت کیلئے اداروں کو مضبوط کرنا ضروری ہے نہیں توقانون سازی کی جمہوری ساکھ متاثر ہو گی۔اگر اسی طرح قانون سازی کرنی ہے تو ایوان کی بجائے چیمبر میں کر لیں،اپوزیشن کی مشاورت اور شمولیت کے بغیر قانون سازی کی کوئی اہمیت نہیں۔وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ پنجاب اسمبلی ایوان میں اپوزیشن کو کبھی نظر انداز نہیں کیا گیا،جب بھی قانون سازی کی گئی اپوزیشن بھاگ جاتی ہے ۔(ن) لیگ کے پانچ سالہ دور میں 106آرڈیننس لائے اور ہم ڈیڑھ سال میں 18آرڈیننس لائے ہیں ،کیا مارشل لا لگ گیا تھا کہ (ن) لیگ کی حکومت نے ایک سال میں 36آرڈیننس پیش کئے۔ سپیکر نے کہا کہ (ن) لیگ نے اپنی حکومت میں آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی ہیں۔ رکن اسمبلی سمیع اللہ خان نے کہا کہ قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو پی اے سی ون کی چیئرمین شپ دینے کے معاملے پر اپوزیشن کو قانون سازی میں شامل نہیں کیا جارہا،اگر حکومت اپوزیشن کے بغیر قانون سازی کرنا چاہ رہی ہے تو کرلے۔اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود پنجاب اسمبلی نے پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بل 2019 کثرت رائے سے منظور کرلیا۔پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ تشکیل دیا جاسکے گا،16 رکنی بورڈ کے سربراہ وزیر اعلی پنجاب جبکہ صوبائی وزیر پلاننگ ،بیوروکریسی اور ماہرین اسکے ممبران ہوں گے ۔بل کے تحت پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی بھی قائم کی جائے گی ،اتھارٹی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کی تکمیل کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے گی ،اتھارٹی کسی بھی منصوبے میں پرائیویٹ کمپنی کیساتھ پارٹنرشپ کیلئے سمجھوتا کر سکے گی ،اتھارٹی منصوبے کی ٹینڈرنگ سے قبل پراجیکٹ پروپوزل تیار کرے گی ۔بل پر اپوزیشن کی تمام ترامیم کثرت رائے سے مسترد کر دی گئیں۔پنجاب اسمبلی کے ایوان نے یونیورسٹی آف میانوالی بل بھی کثرت رائے سے 2019 منظور کر لیا،بل کے تحت یونیورسٹی آف سرگودھا میانوالی کیمپس کا نام تبدیل کرکے یونیورسٹی آف میانوالی رکھا جائے گا۔پنجاب اسمبلی نے فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل 2019 بھی منظور کرلیا۔مسلم لیگ (ن) کے رکن ملک ارشد کی جانب سے اینیمل ہیلتھ کے بارے قانون سازی کے دوران کورم کی نشاندہی کی گئی جس پر سپیکر نے گنتی کروانے کی بجائے کہا کہ کورم پورا ہے اور قانون سازی کا عمل جاری رکھا۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر نے اجلاس آج منگل تک ملتوی کر دیا۔ علاوہ ازیں ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف خیبر پی کے اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرا دی گئی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت ناروے کے سفیر کو بلا کر سخت احتجاج ریکارڈ کرائے۔جمعیت علما اسلام (ف) کی طرف سے شاہدہ اختر علی نے قومی اسمبلی اور سینٹ میں ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرادی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ معزز ایوان ناروے میں سرعام قرآن پاک کی بے حرمتی کی پرزور مذمت کرتا ہے، مسلمانوں کے مقدس کتاب کو نذرآتش کرنا دہشت گردی اور اشتعال انگیزی ہے۔ لہٰذا یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ ایسی مذموم کوششوں کی روک تھام کیلئے او آئی سی اور اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کریں اور ناروے حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ مجرموں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے، بصورت دیگر ناروے حکومت سے ہر قسم کی سفارتی تعلقات منقطع کی جائیں اور یہ ایوان عمر نامی مجاہد کو ایسی دلیرانہ کوشش پہ سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔