• news

اپوزیشن اب سال 4 سال انتظار کرے، پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے دنیا مثال دیگی: عمران

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہاکستان کو صاف اور سرسبز بنا کر مثالی ملک بنائیں گے، ہم وہ پاکستان ایک ایسا ملک بنائیں گے جس کی پوری دنیا مثال دے گی۔ ساری قوم کو مل کر ماحولیاتی آلودگی کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ پنجاب اور خیبر پی کے میں نیا تاریخی بلدیاتی نظام لے کر آ رہے ہیں، لوگ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے، لوگوں نے ٹیکس دینا شروع کر دیا ہے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہو رہا ہے، ٹیکس کے پیسے ملک کو ٹھیک کرنے اور ماحول کو بہتربنانے پر خرچ کریں گے۔ جس طرح ہم چل رہے ہیں یہ غلط راستہ ہے، ہمیں اپنا قبلہ درست کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بات جناح کنونشن سنٹر میں ’’کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس ‘‘کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی آلودگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ لاہور میں سانس نہیں لے سکتے، وہاں کے حالات سے بوڑھے اور بچوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں، وہاں فضائی آلودگی آخری حد تک پہنچ گئی ہے، یہ ایک خاموش قاتل ہے، اس کا پتہ نہیں چلتا کہ کتنے لوگ اس کا شکار ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم دہلی کو آلودہ ترین شہر سمجھتے تھے جہاں لوگوں کے بہت برے حالات ہیں، افسوس سے کہنا پڑتا ہے لاہور اس حد تک پہنچ گیا، اس کی وجہ یہ ہے کہ کسی نے نہیں سوچا کہ ہمیں کیا کرنا چاہیے، ہم درخت کاٹتے جارہے ہی، 10 سالوں میں لاہور کے 70 فیصد درخت کاٹ دیے گئے، ہم نے اپنے دریاؤں میں سیوریج پھینک کر انہیں بھی آلودہ کردیا، لوگ ان کا پانی پیتے ہیں، جن نہروں سے لوگ پانی پیتے تھے وہ سیوریج ڈرم بن گئی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کوئی بھی حکومت ملک کو کلین گرین اکیلے نہیں کرسکتی، انتظامیہ منتخب لوگ اس کا حصہ بنیں، نوجوان بھی صاف اور ہرے پاکستان میں شرکت کریں حکومت کی اس پر پوری توجہ ہے، ہم اس پاکستان کی قدر نہیں کررہے جب ہم اس کی قدر کریں گے تو یہی پاکستان سونا اگلے گا۔عمران خان نے کہا کہ ہم پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین بلدیاتی نظام لا رہے ہیں، سندھ میں ہماری حکومت نہیں لیکن انہیں ہم بتائیں گے اگر انہیں ترقی کرنا ہے تو اس نظام کے بغیر نہیں کرسکتے، پنجاب اور کے پی میں جو نظام لارہے ہیں یہ پاکستان میں پہلی مرتبہ نچلی سطح پر اختیارات منتقل ہوں گے اور لوگ اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ نیا پاکستان مل کر بنے گا، نئے پاکستان کے نظریے کو سمجھنا ہے، یہ زمین پر بعد میں آئے گا اور ذہن میں پہلے آئے گا کیونکہ تبدیلی پہلے ذہن میں آتی ہے، جس طرح ہم چل رہے تھے انسان اپنی ذات کے لئے سوچ رہا ہے اس سے دنیا کو نقصان ہورہا ہے، ہماری ہوس سے دنیا کو نقصان ہوا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خوشی ہے لوگ آہستہ آہستہ ٹیکس دینا شروع کررہے ہیں اور پیسہ آرہا ہے، جیسے جیسے پیسہ آئے گا اسے ہم لوگوں پر لگائیں گے، ماحولیات ٹھیک کریں گے اور ہم نے اپنے دریا صاف کرنا ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی انسانی زندگی کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ کے حکم پر نہ چلنے والی قومیں برباد ہوجاتی ہیں۔ ہمیں دنیا میں ایسے کام کرنے چاہئیں جن کے اثرات سینکڑوں اور ہزاروں برس تک رہیں۔ جب تک کوئی قوم آنے والی نسلوں کے لئے نہیں سوچتی تو اس کے لئے بربادی ہی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور دنیا میں دوسرا یا تیسرا آلودہ ترین شہر بن گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اکیلے یہ کام نہیں کر سکتی ۔ انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کو صاف اور سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ پاکستان اللہ تعالیٰ کا تحفہ ہے جس کی ہم قدر نہیں کر رہے اگر قدر کریں گے تو یہی پاکستان سونا اگلے گا۔ اتنی خوبصورتی دنیا کے کسی اور ملک میں نہیں ہے۔ یہاں ہر قسم کا موسم اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ پاکستان دنیا میں معدنیات سے مالا مال 10 بڑے ممالک میں شامل ہے۔ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں تمام نوجوا ن حصہ لیں اور کلین اینڈ گرین چیمپین بنیں۔ حضور اکرم ؐ کا فرمان ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے۔ حکومت کی اس پر پوری توجہ ہے ۔ فنڈز بھی آہستہ آہستہ بڑھائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چند سال میں ہمارا ملک ماحولیاتی طور پر تبدیل ہو جائے گا،جب قوم مستقبل کا نہیں سوچتی اس کے آگے بربادی ہے، ہم اپنے ملک کو آلودگی سے تباہ کررہے ہیں، نبی کریمؐ کی حدیث ہے کہ آخرت کیلئے اس طرح جینا چاہیے جیسے کل مرجانا ہے، لیکن اس دنیا کیلئے اس طرح جینا ہے کہ ہزار سال زندہ رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سوچنا چاہیے کہ ہم اس زمین پر رہتے ہوئے سوچیں کہ 100,20,10اور ہزار سال بعد کیا ہو گا، دنیا میں کئی سلطنتیں تباہ ہو گئیں کیونکہ جب ایک قوم اپنی آگے آنے والی نسلوں کا نہیں سوچتی ہے وہ برباد ہو جاتی ہے۔ پاکستان اللہ کی نعمت ہے اور ہمارے لوگوں کو اپنے ملک کے بارے میں معلومات ہی نہیں ،پاکستان میں زرخیز زمین ہے، پھلوں کے باغات ہیں،معدنیات ہے سونا ہے، تانبا ہے، چاندی ہے اور یہی پاکستان ابھرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خوبصورتی کی وجہ سے بڑا سیاحتی مرکز اوراہم ملک ہے اور طلباء پاکستان کا مستقبل ہیں، مہم میں بھرپور شرکت کرنی ہے، پاکستان میں گرین چیمپئن پروگرام میں ہر ایک کو شرکت کرنا ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان نے یہاں کنونشن سنٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس ایپ کا افتتاح کیا، اس ایپ کے ذریعے ملک کے مختلف 19 شہروں کی صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادوں پر درجہ بندی مرتب کی جائے گی۔کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس شہروں میں پشاور، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، بنوں، سرگودھا، بہاولپور، ڈی جی خان، ساہیوال، ڈی آئی خان، مردان، کوہاٹ، مالاکنڈ اور ایبٹ آباد شامل ہیں۔ تقریب کے دوران کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس کے لئے ان شہروں کے متعلقہ نمائندوں نے حلف اٹھایا۔
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم عمران خان نے سینئر قانون دان اور پارٹی رہنما بابر اعوان سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ بعض عناصر ملک کو آگے بڑھتا نہیں دیکھنا چاہتے، جمہوری عمل میں رخنہ ڈالنے والوں کا ہر حربہ ناکام ہوگا۔ پیر کو وزیر اعظم عمران خان سے بابر اعوان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے ممنوعہ فنڈنگ کیس پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ بابر اعوان نے وزیر اعظم کو کیس سے متعلق قانونی و آئینی نکات پر بریفنگ دی۔ بابر اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف الیکشن کمیشن میں سارا مالی حساب کتاب جمع کروا چکی ہے۔ پارٹی کے کھاتوں کا مسلسل آڈٹ بھی کروایا جاتا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن کی بڑی سیاسی جماعتوں نے خود منی لانڈرنگ کی۔ دونوں جماعتوں نے منی لانڈرنگ کے لیے ممنوعہ فنڈنگ کا استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور معیشت پٹڑی کے دونوں پہیے ہیں جو مستحکم ہو رہے ہیں، بعض عناصر ملک کو آگے بڑھتا نہیں دیکھنا چاہتے۔ جمہوری عمل میں رخنہ ڈالنے والوں کا ہر حربہ ناکام ہوگا۔بابر اعوان نے کہا کہ جو وزیر اعظم اپنے خرچے پر گھر میں رہتا ہے اسے بیرونی فنڈنگ کی ضرورت نہیں، بیرونی فنڈنگ کی ضرورت فالودے والے جعلی اکانٹس رکھنے والوں کو تھی۔انہوں نے کہا کہ کیس سے متعلق تمام تفصیلات الیکشن کمیشن کے پاس موجود ہیں، اپوزیشن کا ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق پروپیگنڈا ناکام ہوگا۔ تحریک انصاف اس کیس کی قانونی کارروائی میں بھی سرخرو ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن فنڈنگ کیس سے متعلق عوام کوگمراہ کر رہی ہے، ہم نے پارٹی فنڈنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں سب تفصیلات جمع کرائی ہیں۔ عوام نے اپوزیشن کے احتجاج کو مستردکر دیا ہے، اپوزیشن عوامی حمایت کھو چکی، اب 4سال انتظارکرے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں معاشی ٹیم نے معیشت میں حاصل کامیابیوں پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل نے ممنوعہ فنڈنگ کیس پر ترجمانوں کو بریفنگ دی جب کہ وزیراعظم نے فارن فنڈنگ کیس پرحقائق عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں نے منی لانڈرنگ سے پیسہ بنایا جب کہ تحریک انصاف کا دامن صاف ہے۔ اپوزیشن کی اے پی سی پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن خفگی مٹانے کیلئے اے پی سی اور احتجاج کر رہی ہے، تحریک انصاف کے باغی رکن اکبر ایس بابر نے تحریک انصاف میں 23 خفیہ اکاؤنٹس کی موجودگی کا الزام عائد کیا ہے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن میں درخواسٹ دائر کر رکھی ہے، ان کا مؤقف ہے کہ پارٹی فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کا محل بہہ جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے 10 اکتوبر کو اس کیس کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواستوں کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا تھا جس کے خلاف پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی۔ وزیر اعظم عمران خان سے منی گرام انٹرنیشنل کے وفد نے ملاقات کی تھی، وفد کی قیادت منی گرام کے سی ای او مسٹر ولیم الیگزینڈر نے کی اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ اور مشیر تجارت عبد الررزاق دائود بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے کمپنی کی ملکی معیشت میں دلچسپی اور کاروبار کے فروغ کی خواہش کا خیر مقدم کیا اور رواں مالی سال ترسیلات میں نمایاں اضافے سے متعلق وفد کو آگاہ کیا، وزیر اعظم نے بیرون ملک پاکستانیوں کی رقم وطن بھیجنے میں ہر ممکن سہولت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ترسیلات میں بہتری کے لیے حکومت پرکشش پیکج پر کام کر رہی ہے، پاکستان کی معیشت میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے، مستقبل قریب میں پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا۔ خیال رہے منی گرام انٹرنیشنل عالمی سطح پر تسلیم شدہ امریکی منی ٹرانسفر کمپنی ہے ، جو ترسیلات زر وطن بھجوانے میں معاونت فراہم کر رہی ہے، کمپنی 200 سے زائد ممالک میں اپنی خدمات فراہم کرتی ہے۔ منی گرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ولیم الیگزینڈر نے 2020تک پاکستان میں سرمایہ کاری 1ارب ڈالرتک لیجانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک بڑی مارکیٹ ہے، اپنا کاروبار بڑھانے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق منی گرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ولیم الیگزینڈر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2020ء تک پاکستان میں سرمایہ کاری 1ارب ڈالرتک لیجا ئی جائے گی۔ اس وقت پاکستان میں 60 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے، منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان نے پیشرفت کی ہے، منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان میں25 کروڑ ڈالرخرچ کررہے ہیں۔ سی ای او منی گرام نے کہا کہ رقوم بھیجنے اورموصول کرنیوالے کی شناخت یقینی بنائی جائے گی۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری انتہائی اہم منصوبہ ہے،چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں،سی پیک سے پاکستان کی معاشی ترقی کو تقویت ملے گی، اقتصادی راہداری سے علاقائی خوشحالی میں بھی مدد ملے گی۔ وزیر اعظم عمران خان سے پاک چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے صدر شازوکانگ کی قیادت میں بڑی چینی کمپنیوں کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ جس میں عمران خان نے چینی سرمایہ کاروں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وفدکاپر تپاک استقبال کیا گیا، ملاقات میں سرمایہ کاری اورکاروباری مواقعوں پرتبادلہ خیال کیا گیا جب کہ وزیراعظم نے پاک چین دوستی اور مضبوط تعلقات پر بھی اظہارخیال کیا۔ پاک چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے صدر شا زوکانگ نے کہا کہ وفد پاکستان میں کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے گا،چینی سرمایہ کار پاکستان کی معاشی صلاحیت کے بارے میں پراعتماد ہیں۔ اس موقع پروزیراعظم کا چینی سرمایہ کاروں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ سرمایہ کاری کی اہم مثال ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری انتہائی اہم منصوبہ ہے، چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، سی پیک سے پاکستان کی معاشی ترقی کو تقویت ملے گی، اقتصادی راہداری سے علاقائی خوشحالی میں بھی مدد ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن