ہمارے اتھلیٹس انتہائی باصلاحیت ہیں:سیکرٹری سپورٹس پنجاب
لاہور(سپورٹس رپورٹر)سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے کہا ہے کہ اتھلیٹکس سپورٹس کی ماں ہے، جس ملک کی اتھلیٹکس اچھی ہو اس کی کھیلیں بھی ترقی کرتی ہیں، اتھلیٹکس میں ہمارے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے، اتھلیٹکس کی ترقی کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں،ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کے روز پنجاب سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون اور اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے زیراہتمام ہونے والی دو روزہ چوتھی نیشنل یوتھ اینڈ جونیئر اتھلیٹکس چیمپئن شپ 2019ء میں کھلاڑیوں کو انعامات تقسیم کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدرمیجر جنرل (ر) اکرم ساہی، شاہد فقیر ورک و دیگر بھی موجود تھے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے مزید کہا ہے کہ نیشنل یوتھ اینڈ جونیئر اتھلیٹکس چیمپئن شپ 2019ء کا انعقاد خوش آئند ہے جس میں چاروں صوبوں، آرمی، نیوی ، واپڈا اور ریلوے کے 400سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں ، اس میں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا، اتھلیٹکس میں ہمارے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، اتھلیٹس کو بہترین سہولتیں دے رہے ہیں۔