سری لنکا گرانٹ فلاور کو بیٹنگ کوچ بنانے کا خواہاں
کولمبو(آئی این پی)سری لنکن کرکٹ بورڈ گرانٹ فلاور کو بیٹنگ کوچ بنانے کا خواہاں ہے۔سری لنکن ٹیم دورہ پاکستان کی تیاری کے لیے کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہے، فی الحال عبوری کوچ رمیش رتنائیکے اور منیجر چیف سلیکٹر اشانتھا ڈی میل کیمپ کی نگرانی کررہے ہیں، دسمبر کے پہلے ہفتے میں مکی آرتھر بطور ہیڈ کوچ اور شین میکڈرموٹ فیلڈنگ میں ان کے معاون کی حیثیت سے سری لنکن ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔سری لنکن کرکٹ بورڈ پاکستان کے لیے خدمات سرانجام دینے والے گرانٹ فلاور کے ساتھ بھی رابطے میں اور ان کے ساتھ معاملات جلد طے پاجانے کا امکان ہے، پاور ہٹنگ ایکسپرٹ جولین ووڈ کی بھی جزوقتی خدمات حاصل کیلئے بھی کوشاں ہیں، انگلش ٹیم نے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر کی کوچنگ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ورلڈ کپ فتح کا مشن مکمل کیا تھا۔واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم دورہ پاکستان کے لیے 8 دسمبر کو روانہ ہوگی۔