• news

ایل این جی کیس‘شاہد خاقان عباسی کے شریک ملزم شیخ عمران الحق کی ضمانت منظور ،رہائی کا حکم

اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی ‘صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایل این جی کیس میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے شریک ملزم سابق ایم ڈی پی ایس اور شیخ عمران الحق کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے نیب کی جانب سے شیخ عمران الحق کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا مسترد کردی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے شیخ عمران الحق کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ عدالت نے شیخ عمران الحق کو 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوران سماعت نیب نے شیخ عمران الحق کی جانب سے دائر درخواست ضمانت مخالفت کی اور کہا کہ ملزم نے دیگر شریک ملزمان شاہد خاقان عباسی اور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کی کرپشن میں معاونت کی۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ شیخ عمران الحق مختلف کمپنیوں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے ۔ تاہم عدالت نے نیب کی جانب سے شیخ عمران الحق کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کیخلاف درخواست پر کارروائی ملتوی کرتے ہوئے وکلا کو دلائل کے لیے طلب کر لیا۔ رانا مشہود نے دلائل میں کہا کہ سپیکر نے سابق وزیر اعظم کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرکے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ سابق وزیر اعظم کے وکیل نے دوران سماعت مختلف عدالتی فیصلوں کی کاپیاں بھی عدالت میں پیش کیں۔ عدالت نے سماعت 28 نومبر تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن